لاپرواہی پراسکول بس کا ڈرائیور گرفتار
حیدرآباد ۔ 2 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ باجوپلی میں پیش آئے دلسوز سڑک حادثہ میں ایک کمسن بچی ہلاک اور اُس کا والد زخمی ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکول بس ڈرائیور کی لاپرواہی سے یہ حادثہ پیش آیا ۔ 8 سالہ اسکولی طالبہ دیکشیتا اپنے والد کشور کے ہمراہ اسکوٹی پر اسکول جارہی تھی کہ حادثہ پیش آیا ۔ سڑک پر موجود گڑھے اور اسکولی بس ڈرائیور کی مبینہ لاپرواہی بچی کی ہلاکت کا سبب بن گئی ۔ روزآنہ کے معمول کی طرح کشور اپنی بیٹی دیکشیتا کو ایکٹوا گاڑی پر لے جارہا تھا کہ ریڈیز لیاب کے قریب ایک اسکولی بس نے اُسے ٹکر دیدی ۔ بچی جو اسکوٹی پر بیٹھی تھی گاڑی سے گرگئی اور اسکولی بس کے ٹائر کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی ۔ دیکشیتا بورم پیٹ میں واقع دہلی پبلک اسکول میں تیسری جماعت کی طالبہ تھی ۔ حادثہ کے مقام پر بچی کے والدہ کے ماتم اور حادثہ کے دلخراش مناظر کو دیکھ کر مقامی عوام بھی غمگین ہوگئے ۔ پولیس کی جانب سے بچی کی نعش کو منتقل کرنے کے دوران والدین کے جذباتی مناظر دیکھے گئے ۔ انسپکٹر پولیس باچوپلی این سمن کمار نے بتایا کہ حادثہ آج صبح 7:30 تا 8 بجے کے درمیان پیش آیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے مقام حادثہ پہونچ کر ضابطہ کی کارروائی کی ۔ انسپکٹر پولیس نے بتایا کہ بس ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب حادثہ پیش آیا اور ڈرائیور رحیم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جارہی ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع