حیدرآباد۔/28 نومبر، ( سیاست نیوز) سڑک حادثہ میں ملزم سے جبراً وصولی کرنے کے الزام میں ایک ہوم گارڈ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 25 نومبر کو این ایف سی نگر برج قومی شاہراہ 163 پر ایک سڑک حادثہ پیش آیا تھا جس میں ایک ریت کی لاری نے کار کو ٹکر دے دی تھی جس میں کار ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی تھی۔ گھٹکیسر پولیس اسٹیشن سے وابستہ موبائیل پٹرولنگ ویان جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور پولیس ویان کا ڈرائیور بی شیوا جو ہوم گارڈ ہے نے لاری ڈرائیور جے نرسمہا کو جائے حادثہ سے فوری لاری ہٹانے کا مشورہ دیا تاکہ اسے اس کیس میں بچایا جاسکے۔ پولیس نے بتایا کہ ہوم گارڈ شیوا نے اپنے دیگر دو ساتھیوں ای بالراجو جو سابق ہوم گارڈ ہے ایک اور ساتھی ڈی سینو کی مدد سے لاری ڈرائیور کو دھمکایا اور خود کو گھٹکیسر پولیس ظاہر کرتے ہوئے لاری ڈرائیور نرسمہا سے 20 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا جس پر ڈرائیور نے 15 ہزار روپئے ہوم گارڈ اور اس کے ساتھیوں کے حوالے کئے۔ اس بات کا پتہ چلنے پر گھٹکیسر پولیس نے ہوم گارڈ اور اس کے دو ساتھیوں کے خلاف جبراً وصولی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتارکرلیا۔ب