سڑک حادثہ کی روک تھام میں ڈرائیورس کا اہم کردار

   

محبوب نگر میں ٹریفک شعور بیداری پروگرام، ضلع ایس پی کا خطاب، چوکسی پر زور
محبوب نگر ۔ 21 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سڑک حادثات کی روک تھام میں ڈرائیوروں کا کردار بڑا اہم ہے۔ ان کے اقدامات سے انسانی جانیں محفوظ رہ سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایس پی جانکی دھراوت نے کیا۔ وہ آج مستقر محبوب نگر کے پولیس گراؤنڈ میں ٹریفک آگاہی پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں۔ نیشنل روڈ سیفٹی ماہ کے ضمن میں یہ پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ماہرین نفسیات کی طرف سے کونسلنگ اور اسکولس و کالجس کے بس ڈرائیورس کے لئے آنکھوں کا معائنہ کیا گیا۔ ایس پی نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ محفوظ ڈرائیونگ کے لئے جسمانی اور ذہنی صحت ضروری ہے۔ انہوں نے ڈرائیورس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی دماغی حالت اور بینائی پر باقاعدہ توجہ دیں۔ ڈرائیونگ کے دوران چوکس رہنے اور ٹریفک قوانین کو ملحوظ رکھنے کا مشورہ دیا۔ ماہرین نفسیات نے بھی ڈرائیورس کو تناؤ دور کرنے اور توجہ کے ساتھ ڈرائیونگ کے طریقہ بتائے۔ ڈرائیورس کی آنکھوں کے معائنے کے ساتھ ساتھ صحت کے مسائل پر ضروری ہدایات دی گئیں۔ پروگرام کا مقصد ڈرائیورس میں شعور بیدار کرنا، ٹریفک قوانین کی اہمیت و افادیت سے واقف کرنا، جسمانی و ذہنی صحت کیلئے مشورے اور حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سدرشن، ڈاکٹر بھارگو سوراج، ایم وی آئی رگھو کمار، ٹریفک انسپکٹر بھگونت ریڈی، ایم ٹی او ناگیش، آر آئی کرشنیا و دیگر عملہ موجود تھا۔