سڑک نہ ہونے سے لڑکوں کو رشتوں کا ملنا دشوار

   

اسمبلی میں اسپیکر پرساد کمار کے ریمارک پر ایوان قہقہہ زار
حیدرآباد 21 مارچ (سیاست نیوز) اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے بجٹ پر مباحث کے دوران بی آر ایس رکن ہریش راؤ کی تقریر کے دوران مداخلت کرتے ہوئے دلچسپ ریمارک کیا کہ وقارآباد ضلع میں سڑکوں کی عدم موجودگی کے سبب لڑکوں کو شادی کے رشتے آنا مشکل ہوچکا ہے۔ بجٹ پر مباحث کے دوران ہریش راؤ نے تلنگانہ کے ہر ضلع بالخصوص منڈل ہیڈکوارٹرس پر تمام سڑکوں کی تعمیر کا دعویٰ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر حکومت نے ہر منڈل میں ڈبل روڈ تعمیر کی ہے اور اِس کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔ وزیر عمارات و شوارع وینکٹ ریڈی نے کہاکہ ہریش راؤ، کے ٹی آر اور کے سی آر کے اسمبلی حلقہ جات میں سڑکیں تعمیر کی گئیں جبکہ دیگر حلقہ جات میں پکی سڑکیں موجود نہیں ہیں۔ اِس دوران اسپیکر پرساد کمار نے ہریش راؤ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ میرے ضلع وقارآباد میں سڑکیں نہ ہونے کے سبب لڑکوں کو شادی کے لئے شادی آنا دشوار کن بن چکا ہے۔ اسپیکر کے اِس ریمارک پر ایوان میں قہقہے گونج اُٹھے۔ برسر اقتدار پارٹی کے ارکان نے شرم شرم کے نعرے لگائے۔ ہریش راؤ نے کہاکہ ریاست کے تمام قدیم منڈلوں میں سڑکوں کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے اور نئے منڈلوں میں یہ کام باقی ہے۔ سابق وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے ہریش راؤ کو سڑکوں کی تعمیر کی تفصیلات پیش کیں۔ ہریش راؤ کی وضاحت کے باوجود اسپیکر اسمبلی اپنے موقف پر قائم رہے۔ 1