کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے عام مقامات پر تھوکنے پر پابندی ‘رچہ کنڈہ پولیس کی سخت کارروائی
حیدرآباد ۔ /12 اپریل (سیاست نیوز) کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت نے عوامی مقامات پر تھوکنے پر پابندی عائد کردی تھی اور اس لزوم کی خلاف ورزی کرنے والے دو افراد کے خلاف رچہ کونڈہ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ اصغر احمد ساکن یاقوت پورہ اپنی گاڑی پر چمپاپیٹ سے گزررہا تھا اور اس نے روڈ پر تھوک دیا ۔ چمپاپیٹ پولیس چیک پوسٹ پر اس شخص کو روک لیا گیا اور اس کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔ اسی قسم کے ایک اور کیس میں 25 سالہ محمد احمد ساکن سنتوش نگر کو پولیس نے اُس وقت پکڑ لیا جب وہ پی این ٹی کالونی میں موٹر سائیکل پر گزرتے ہوئے سڑک پر تھوک دیا ۔ وہاں پر موجود ایک ہوم گارڈ نے احمد کو دیکھ کر اسے روک لیا اور اس کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ دو دن قبل سرورنگر پولیس نے دودھ کی ویان کے ڈرائیور کے خلاف بھی سڑک پر تھوکنے پر اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔ رچہ کونڈہ میں صرف سرور نگر پولیس کی جانب سے عوامی مقامات پر تھوکنے کے لزوم کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔
