سڑک کی توسیع کیلئے درگاہ کی اراضی حوالے کرنے سے انکار

   

Ferty9 Clinic

عہدیداروں کے ساتھ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا اجلاس، بھونگیر درگاہ کے تحفظ کا فیصلہ
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے پولیس، ریونیو اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے عہدیداروں پر واضح کردیا کہ سڑک کی توسیع کیلئے مسجد، درگاہ یا قبرستان کی اراضی نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے بھونگیر ہائی وے پر موجود درگاہ حضرت کمال حسینی ؒ اور کمال مرتضی ؒ کے تحفظ کے سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ پولیس، ریونیو اور نیشنل ہائی وے کے عہدیداروں کے ساتھ محمد سلیم نے درگاہ کے غیر قانونی انہدام پر ناراضگی جتائی ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ اس درگاہ کا بہر صورت تحفظ کرے گا کیونکہ یہ وقف نوٹیفائیڈ ہے اور کسی بھی مذہبی مقام کو سڑک کی توسیع کیلئے نہیں دیا جاسکتا۔ بھونگیر قومی شاہراہ کی توسیع کیلئے ہائی وے اتھاریٹی کے حکام درگاہ اور اس کی اراضی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ حال ہی میں ایک لاری نے ٹکر دے کر درگاہ کو نقصان پہنچایا۔ اطلاع ملتے ہی محمد سلیم نے عہدیداروں کی ٹیم روانہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کی ہدایت دی۔ محمد سلیم نے مقامی افراد کو بھی اجلاس میں طلب کیا تاکہ حقیقی صورتحال سے واقف ہوسکیں۔ صدر نشین وقف بورڈ نے کہا کہ سڑک کی توسیع کے سلسلہ میں کسی بھی مذہبی عبادت گاہ کو حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ سڑک کیلئے متبادل راستہ اختیار کریں۔ وقف بورڈ کی جانب سے ریونیو، پولیس اور نیشنل ہائی وے کو پہلے ہی مکتوب روانہ کیا جاچکا ہے جس میں اراضی حوالے کرنے کی مخالفت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ وقف اراضی تاقیامت وقف رہتی ہے اور اس کا موقف تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ متبادل منصوبہ تیار کریں۔ اجلاس میں چیف ایکزیکیٹو آفیسر عبدالحمید، اے سی پی بھونگیر این بھوجنگ راؤ، انسپکٹر بھونگیر اے سدھاکر اور دوسروں نے شرکت کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ بھونگیر ہائی وے پر موجود درگاہ اور اس کی اراضی کا بہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔ وقف کی کوئی بھی جائیداد سڑک کی توسیع کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔