سکریٹریٹ افتتاحی تقریب پر راج بھون کے ساتھ حکومت کا نیا تنازعہ

   

کوئی دعوت نامہ نہیں ملا، راج بھون کی وضاحت، وزیر برقی جگدیش ریڈی کے بیان سے نئی اُلجھن
حیدرآباد۔/2مئی، ( سیاست نیوز) راج بھون اور پرگتی بھون کی دوریاں کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی دکھائی دے رہی ہیں۔ گذشتہ دنوں تک بلز کی منظوری کے سلسلہ میں گورنر اور حکومت کے درمیان کشیدگی دیکھی گئی اور یہ معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا۔ تازہ ترین تنازعہ نئے سکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے دعوت نامہ کے باوجود افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی اور بعض دیگر قائدین نے گورنر کی عدم شرکت پر نکتہ چینی کی۔ اسی دوران راج بھون کی جانب سے آج وضاحت جاری کی گئی جس میں واضح کیا گیا کہ حکومت نے گورنر کو کوئی دعوت نامہ نہیں بھیجا تھا۔ راج بھون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ان اطلاعات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا گیا جن میں کہا گیا تھا کہ گورنر کو نئے سکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے حکومت کی جانب سے دعوت نامہ روانہ کیا گیا باوجود اس کے گورنر نے شرکت نہیں کی۔ راج بھون نے واضح کیا ہے کہ گورنر کو افتتاحی تقریب کے سلسلہ میں کوئی دعوت نامہ روانہ نہیں کیا گیا اور یہی وجہ ہے کہ گورنر نے افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ بتایا جاتا ہے کہ راج بھون سے سرکاری بلز کی منظوری کے معاملہ میں جاری تنازعہ کے پس منظر میں حکومت نے جان بوجھ کر گورنر کو افتتاحی تقریب سے دور رکھا۔ اگر گورنر کو مدعو کرنا ہوتا تو دعوت نامہ چیف سکریٹری یا کسی اور سینئر عہدیدار کے ذریعہ روانہ کیا جاتا۔ عام طور پر حکومت کے کوئی نمائندہ وزیر گورنر کو شخصی طور پر دعوت نامہ حوالے کرتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے کسی بھی عہدیدار نے راج بھون پہنچ کر دعوت نامہ نہیں دیا۔ اس سلسلہ میں سرکاری سطح پر کوئی وضاحت نہیں کی گئی باوجود اس کے وزیر برقی جگدیش ریڈی نے گورنر کو نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سوندرا راجن ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کو ہضم نہیں کرپارہی ہیں۔ نیا سکریٹریٹ تلنگانہ عوام کیلئے باعث فخر ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ گذشتہ کونسل انتخابات میں حکومت کی جانب سے گورنر کوٹہ کی نشست کیلئے بی آر ایس لیڈر پی کوشک ریڈی کے نام کی سفارش کی گئی تھی۔ کوشک ریڈی کے خلاف کریمنل کیسس کے نتیجہ میں گورنر نے ان کے نام کو منظور نہیں کیا۔ اس معاملہ میں چیف منسٹر کے ساتھ گورنر کے اختلافات کا آغاز ہوا اور راج بھون کی جانب سے سرکاری بلز کی عدم منظوری نے اختلافات کو عروج پر پہنچا دیا تھا۔ دیکھنا یہ ہے کہ راج بھون کی وضاحت کے بعد حکومت کیا موقف اختیار کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ پروٹوکول ڈپارٹمنٹ سے گورنر کو رسمی طور پر دعوت نامہ روانہ کیا گیا اس کے علاوہ اپوزیشن قائدین کو بھی دعوت نامے روانہ کئے گئے تھے لیکن گورنر اور اپوزیشن دونوں افتتاحی تقریب سے دور رہے۔ر