حکومت تلنگانہ پر کروڑہا روپئے فضول خرچ کرنے کا الزام ، چاڈا وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔28جون(سیاست نیوز)سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری تلنگانہ چاڈا وینکٹ ریڈی نے نئے سکریٹریٹ اور اسمبلی کی عمارت کے لئے تعمیر کے آغاز کو چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی توہم پرستی کا نتیجہ قراردیا۔ انہو ںنے کہاکہ ریاست پہلے سے مقروض ہے اور نئی عمارتوں کی تعمیر کے لئے ہزاروں کروڑ کا بیجا خرچ ریاست پر زائد مالی بوجھ کا سبب بنے گا۔ آج یہاں سی پی آئی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ اسمبلی اور سکریٹریٹ کی عمارتیں نہ تومخدوش ہیںاور نہ ہی پرانی ہوئی ہیں۔ کئی حکومتوں نے ان میںکام کیا ہے او راس وقت کی متحدہ ریاست کو ترقی کی سمت لے گئے مگر نئی ریاست کی تشکیل اور ٹی آر ایس کے اقتدار میںآنے کے بعدسے مسلسل نئی عمارتوں کی تعمیر اور سرکاری دفاتر کی منتقلی کا کام کیاجارہا ہے جبکہ ریاست میںایسی کسی عمار ت کی ضرورت نہیںہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا و قومی صدر تنظیم انصاف سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ ارم منزل کی عمارت نواب فخر الملک کی تعمیر کردہ ہے جو ریاست تلنگانہ کا ایک قیمتی اثاثہ ہے جس کو سکریٹریٹ او راسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر پرمنہدم کرنے کا فیصلہ حکومت تلنگانہ نے کیاہے۔ انہو ںنے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھررائوجوپچھلے پانچ سالو ںمیں موجودہ سکریٹریٹ نہیں آئے او راپنی سرکاری رہائش سے متصل ایک عالیشان دفتر بھی تعمیرکرلیا ہے وہ توہم پرستی میںموجودہ سکریٹریٹ اور اسمبلی کی عمارت کو منہدم کرنے کی سونچ رہے ہیںجو قابل افسوس عمل ہے۔انہوںنے نئی سکریٹریٹ او راسمبلی کی تعمیرکے فیصلے سے دستبرداری کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔
