سکریٹریٹ اور اسمبلی کے بجائے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

27جون کو بے گھرافراد کا یوم منایا جائے گا، نظام الدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سکریٹریٹ اور اسمبلی کی نئی عمارتوں کی تعمیر پر 500 کروڑ خرچ کرنے کے بجائے غریبوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرے جو گزشتہ پانچ برسوں سے زیر التواء ہیں۔ پارٹی کے ترجمان نظام الدین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 160 ارکان مقننہ کیلئے جو 2 عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں ان کے بجائے غریبوں کیلئے10 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جاسکتے تھے۔ حکومت کو غریب خاندانوں اور ارکان مقننہ کے درمیان انتخاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 31 اضلاع کیلئے ٹی آر ایس حکومت نے 2 لاکھ 80 ہزار 616 مکانات کی منظوری دی تھی لیکن ابھی تک صرف 16370 مکانات کی تکمیل کی گئی ہے۔ صرف چند ہزار مکانات تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کمی کے سبب مکانات کی تعمیر کو روک دیا گیا ہے۔ سید نظام الدین نے کہا کہ تلنگانہ میں 20لاکھ سے زائد خاندان مکانات سے محروم ہیں اور وہ کرایہ کے مکانات یا جھونپڑیوں میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ حکومت فنڈز کی کمی کے سبب 2 لاکھ 80ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کے وعدہ کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ برخلاف اس کے اسمبلی اور سکریٹریٹ کی نئی عمارتوں کی تعمیر پر سینکڑوں کروڑ عوامی رقومات خرچ کی جارہی ہیں۔ کانگریس ترجمان نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر نے ارکان اسمبلی کی خریدی کے ذریعہ اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ اسمبلی میں حکومت سے سوال کرنے والا کوئی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوامی رقومات کے بیجا استعمال کے خلاف شدت سے آواز اٹھائے گی۔ اسمبلی اور کونسل میں اس مسئلہ پر کانگریس ارکان حکومت سے سوال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت صرف تعداد سے نہیں بلکہ کام کے جذبہ اور لگن سے حاصل ہوتی ہے۔ کانگریس پارٹی عوام کی بھلائی کے عہد کی پابند ہے اور تعداد کی پرواہ کئے بغیر دونوں ایوانوں میں عوامی مسائل پر جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی 2014 میں لاگت 3 لاکھ 50 ہزار تھی جو 2017 میں بڑھ کر 7 لاکھ 50 ہزار ہوچکی ہے اگر مزید تاخیر کی گئی تو اس لاگت میں مزید اضافہ ہوگا اور سرکاری خزانہ پر مزید بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرگتی بھون کی تعمیر پر پہلے ہی 500 کروڑ روپئے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ نظام الدین نے کہا کہ کانگریس پارٹی اسمبلی اور سکریٹریٹ کی عصری عمارتوں کے خلاف نہیں ہے بلکہ وہ غریبوں اور بے گھر افراد کو نظر انداز کرتے ہوئے عوامی رقومات کے خرچ کی مخالفت کررہی ہے۔ پارٹی نے ’’ غریبوں کیلئے مکانات فرسٹ اور سکریٹریٹ و اسمبلی نیکسٹ ‘‘ کے نعرہ کے تحت مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 27 جون کو جس دن چیف منسٹر سکریٹریٹ اور اسمبلی کا سنگ بنیاد رکھیں گے اس دن کانگریس پارٹی بے گھر افراد کے یوم کے طور پر منائے گی۔ پریس کانفرنس میں سٹی کانگریس کمیٹی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے صدر سمیر ولی اللہ اور سکریٹری پردیش کانگریس کے سرینواس موجود تھے۔