ہندوستانی افواج سے اظہار یگانگت، ریونت ریڈی نے کمانڈ کنٹرول سنٹر کا معائنہ کیا
حیدرآباد ۔ 7۔ مئی (سیاست نیوز) پہلگام دہشت گرد حملہ کے خلاف ہندوستانی افواج کی کارروائی پر فوج سے اظہار یگانگت کیلئے کل 8 مئی کو حیدرآباد میں ریالی منظم کی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا جس کے مطابق شام 6 بجے تلنگانہ سکریٹریٹ سے نکلس روڈ تک ریالی کا اہتمام کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ ریاستی وزراء ، اعلیٰ عہدیدار اور اہم شخصیتیں اس ریالی میں حصہ لیں گے۔ پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کے آپریشن سندور کی کامیابی پر چیف منسٹر نے اطمینان کا اظہار کیا۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر چیف منسٹر نے کہا کہ اس کارروائی پر وہ ہندوستانی شہری کی حیثیت سے فخر محسوس کرتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام ہندوستانیوں کو متحدہ طور پر فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تمام ہندوستانیوں کو اس مسئلہ پر ایک آواز میں بات کرنا چاہئے ۔ انہوں نے پیام کا اختتام پر ’’جئے ہند‘‘ پر کیا۔ چیف منسٹر نے نئی دہلی کے دورہ پر موجود ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا سے فون پر بات چیت کی اور انہیں فوری طور پر حیدرآباد واپس ہونے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مسلح افواج سے تلنگانہ حکومت مکمل تعاون کرے گی اور تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد اور ریاست کے تمام علاقوں میں چوکسی کی ہدایت دی۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھلائی کیلئے مرکز اور ریاست کی حکومتیں ایک ساتھ کام کریں گی۔ انہوں نے احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں عوام سے تعاون کی خواہش کی۔ 1
چیف منسٹر نے کمانڈ کنٹرول سنٹر کا معائنہ کیا اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں موثر نگرانی کے لئے موجود عصری سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس جتیندر ، کمشنر پولیس سی وی آنند اور ڈائرکٹر کمانڈ کنٹرول کملاسین ریڈی نے چیف منسٹر کو کمانڈ کنٹرول میں عصری سہولتوں سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور پولیس وائرلیس سیٹ سے مختلف عہدیداروں سے ربط قائم کیا۔ انہوں نے کمانڈ کنٹرول سنٹر میں موجود عصری سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں کمانڈ کنٹرول سنٹر کی ذمہ داری میں اضافہ ہوچکا ہے۔1
