سکریٹریٹ سے فائیلوں کے غائب ہونے کا اندیشہ: کودنڈارام

   

Ferty9 Clinic

دفاتر کی منتقلی کا عمل فوری روک دینے صدر تلنگانہ جناسمیتی کا مطالبہ
حیدرآباد۔19 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈارام نے سکریٹیریٹ کی موجودہ عمارتوں سے دفاتر کی منتقلی روکنے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈارام نے تشویش کا اظہار کیا کہ سکریٹریٹ کے تخلیہ کے نام پر کئی اہم فائیلیں غائب ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شاہ آباد منڈل میں صنعتوں کے قیام کے لیے اراضی کے حصول کے تحت غریبوں کو بے گھر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ انفراسٹرکچر کارپوریشن کسانوں سے کم معاوضے پر زمینات حاصل کرتے ہوئے اسے زائد قیمتوں پر صنعتوں کو فروخت کررہی ہے۔ انہوں نے ا لزام عائد کیا کہ حکومت رئیل اسٹیٹ تجارت میں مشغول ہوچکی ہے اور صنعتی اداروں کے مفادات کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ کودنڈارام نے عوامی رقومات کو ضائع کرتے ہوئے اسمبلی اور سکریٹریٹ کی نئی عمارتوں کی تعمیر کے منصوبے کی مذمت کی اور کہا کہ دونوں عمارتوں کے لیے 500 کروڑ روپئے کا ابتدائی تخمینہ مقرر کیا گیا ہے جو آگے چل کر مزید اضافہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عمارتیں اسمبلی اور سکریٹریٹ کے لیے کافی ہیں اور کوئی عمارت ایسی نہیں جنہیں غیر محفوظ یا مخدوش کہا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تنظیموں کے احتجاج کے باوجود چیف منسٹر اپنے فیصلے پر مصر دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نئی عمارتوں کی تعمیر کے بجائے عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ خاص طور پر زرعی شعبہ سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔