…( عوام کیلئے بجٹ نہیں لیکن عہدیداروں کی شاہ خرچیاں عروج پر )…
خانگی گاڑیوں پر 8 کروڑکا خرچ ، تحقیقات کیلئے گورنر سوندرا راجن سے نمائندگی
… رشید الدین …
حیدرآباد۔ عوام کی فلاحی اسکیمات کیلئے فنڈز کی اجرائی میں عہدیداروں کا رویہ عام طور پر سردمہری کا دکھائی دیتا ہے لیکن جب عہدیداروں کی ضروریات یا ان کی تعیشات کا معاملہ آئے تو وہ شاہ خرچی پر اُتر آتے ہیں۔ تلنگانہ سکریٹریٹ میں عہدیداروں کو چائے اور بسکٹ کی سربراہی پر روزانہ 2 لاکھ روپئے خرچ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس کے علاوہ خانگی گاڑیوں کے کرایہ پر حصول کیلئے 8.9 کروڑ خرچ کئے گئے جبکہ عہدیداروں کے پاس پہلے سے سرکاری گاڑیاں موجود ہیں۔ بجٹ میں سکریٹریٹ کے عہدیداروں کے چائے پانی کے خرچ اور خانگی گاڑیوں کو کرایہ پر حاصل کرنے کے بجٹ کی تفصیلات کے ساتھ فورم فار گڈ گورننس نے گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے نمائندگی کی ہے۔ فورم نے ڈائرکٹر پروٹوکول ڈپارٹمنٹ کی شاہ خرچی کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ فورم کے سکریٹری پدمنابھ ریڈی نے گورنر کو روانہ کردہ یادداشت میں بتایا کہ پروٹوکول ڈپارٹمنٹ جو جی اے ڈی کا ایک حصہ ہے وہ وی وی آئی پی اور وی آئی پی شخصیتوں کے سرکاری اور غیر سرکاری دوروں کے موقع پر انتظامات کا نگرانکار ہے۔ ریاستی مہمانوں کو حکومت کے گیسٹ ہاوزس میں قیام کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جبکہ پروٹوکول ڈپارٹمنٹ سکریٹریٹ میں اجلاسوں کے دوران عہدیداروں کو چائے اور ریفریشمنٹ کی فراہمی انجام دیتا ہے۔ مذکورہ دو اُمور کیلئے پروٹوکول ڈپارٹمنٹ نے جو رقم خرچ کی ہے وہ تحقیقات طلب ہے۔ چائے اور دیگر ریفریشمنٹ کے علاوہ خانگی گاڑیوں کو کرایہ پر حاصل کرنے کیلئے جو بجٹ مختص کیا گیا ہے اس کی تفصیلات کے ساتھ گورنر سے نمائندگی کی گئی۔ فورم کے مطابق سکریٹریٹ میں عہدیداروں کو چائے اور بسکٹ کی سربراہی کیلئے سالانہ 8 کروڑ روپئے مختص کئے گئے جو روزانہ کے حساب سے 2 لاکھ روپئے ہوتے ہیں۔ ڈائرکٹر پروٹوکول کے تحت سرکاری گاڑیاں موجود ہیں باوجود اس کے خانگی گاڑیوں کو کرایہ پر حاصل کرنے کیلئے 8.9 کروڑ خرچ کئے گئے۔ فورم نے کہا کہ مذکورہ دو اُمور میں عہدیداروں کی جانب سے خرچ کی گئی رقم ضرورت سے کافی زیادہ ہے لہذا اس کی جانچ کی جانی چاہیئے۔ گورنر سے خواہش کی گئی کہ وہ اس معاملہ میں ویجلینس یا پھر اے سی بی تحقیقات کی ہدایت دیں۔