سکریٹریٹ مساجد حقیقی مقام پر ہی تعمیر ہورہی ہیں: محمد محمود علی

   

محمد علی شبیر کے شبہات بے بنیاد۔ عوام بالخصوص مسلمان بھروسہ نہ کریں
حیدرآباد۔/9 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ سکریٹریٹ میں حقیقی مقامات پر ہی مساجد تعمیر کی جارہی ہیں۔ انہوں نے غیر ضروری عوام بالخصوص مسلمانوں میں شبہات پیدا نہ کرنے کا کانگریس کے قائد محمد علی شبیر کو مشورہ دیا۔ انہوں نے قائد تحریک و موجودہ چیف منسٹر کے سی آر کی بھوک ہڑتال کے 12 سال کی تکمیل کے موقع پر درگاہ حضرات یوسفینؒ نامپلی میں چادر گل پیش کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات بتائی۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ دونوں مساجد کو حقیقی مقام پر ہی تعمیر کیا جارہا ہے لیکن کانگریس کے قائد محمد علی شبیر مساجد کے کام پر سیاست کرتے ہوئے عوام کے ذہنوں کو منتشر کررہے ہیں۔ محمد محمود علی نے کہا کہ مسجد اللہ کا گھر ہوتا ہے نہ کہ سیاست کرنے کی جگہ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسلمانوں سے وعدہ کیا تھا کہ مساجد اُن کے حقیقی مقام پر تعمیر کی جائیں گی اور اس وعدہ کو پورا کیا جارہا ہے ۔ ان مساجد کے افتتاح کے بعد ہی سکریٹریٹ کی نئی عمارت کا افتتاح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کو خوبصورت ڈیزائن کے ساتھ عالیشان پیمانے پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ مساجد کی تعمیرات کیلئے سنگ بنیاد بھی رکھ دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مساجد کی تعمیر کے معاملہ میں کسی کو شک و شبہ میں مبتلاء ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کانگریس کے قائدین عوام کو اپنی جانب راغب کرنے کیلئے مساجد کی تعمیرات پر شبہات کا اظہار کررہے ہیں اور عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ عوام بالخصوص مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں۔ قائدین کو صرف مندر، مسجد پر نہیں بلکہ تعلیم، ملازمتوں، صحت ، معیشت اور دیگر اُمور پر کام کرنے کا انہوں نے مشورہ دیا تاکہ ریاست کی ترقی اور عوام کو فائدہ پہنچے۔ محمد محمود علی نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں شمس آباد ایرپورٹ پر واقع مسجد عمر فاروق کو شہید کیا گیا تھا اور 12 کیلو میٹر دور اس مسجد کو تعمیر کیا گیا جبکہ سکریٹریٹ کی دونوں مساجد ان کے حقیقی مقام پر تعمیر ہورہی ہیں۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس قائدین کی بے بنیاد باتوں پر بھروسہ نہ کریں۔ اس موقع پر صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم ، سابق صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اکبر حسین، ٹی آر ایس کے قائدین مقیت چندا، منیر الدین ، محمد عارف کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ ن