سکریٹریٹ مساجد کا اواخر جون میں سنگ بنیاد رکھا جائیگا ‘ محمود علی

,

   

9 ماہ میں مکمل تعمیر کا عہد۔ جدید سکریٹریٹ کے افتتاح سے قبل مساجد سے اذان بلند ہوگی ۔ وزیر داخلہ کا بیان
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ جون کے اواخر تک سکریٹریٹ میں دو خوبصورت مساجد کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ اندرون 9 ماہ دونوں مساجد کی تعمیراتی کاموں کی تکمیل ہوجائے گی ۔ وزیر داخلہ نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے سکریٹریٹ میں مساجد کی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ عہدیداروں کے علاوہ آرکٹیکچر نمائندے بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے مساجد کی نعشوں کا جائزہ لیا اور تمام تفصیلات سے آگاہی حاصل کی ۔ بعد ازاں محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر سکریٹریٹ میں مساجد تعمیر کرنے کے معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہے اور انہوں نے مساجد کی تعمیراتی کام میں معمولی سی بھی لاپرواہی اور غفلت کو برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ لہذا مساجد کی تعمیرات پر خصوصی توجہ دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مساجد کی تعمیرات کا نقشہ تیار کرلیا گیا ہے ۔ جو ترکی کی طرز پر ہے انہوں نے امید کا اظہار کیا ہے کہ دونوں مساجد خوبصورت تعمیر ہوں گی ۔ ملک بھر میں اس طرز کی مساجد شاذ و ناز ہی دیکھنے کو ملیں گی ۔ محمد محمود علی نے بتایا کہ سکریٹریٹ کی بڑی مسجد 2500 فیٹ مربع پر تعمیر کی جارہی ہے ۔ جس میں بیک وقت 400 افراد باجماعت نماز ادا کرسکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں مسجد کے باہر کھلی اراضی سینکڑوں افراد کو نماز ادا کرنے کی گنجائش ہوگی جب کہ چھوٹی مسجد 400 مربع فیٹ پر تعمیر کی جارہی ہے ۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ بڑی مسجد کے وضو خانہ کے پہلے فلور پر مسجد کے امام کے لیے ایک مکان بھی تعمیر کیا جارہا ہے تاکہ انہیں قیام کی سہولت حاصل ہوسکے اور ساتھ ہی نمازیں دیگر عبادتیں وقت مقررہ پر ادا کی جاسکیں ۔ بڑی مسجد میں خواتین کیلئے بھی نماز کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے مسلمانوں سے جو وعدہ کیا تھا اس پر مکمل عمل آوری کی جارہی ہے ۔ جدید سکریٹریٹ کے افتتاح سے قبل مساجد کے میناروں سے اذان کی صدائیں بلند ہوں گی ، اس کو پورا کیا جائے گا ۔ سکریٹریٹ کی دونوں مساجد کے افتتاح کے بعد ہی جدید سکریٹریٹ کی عمارت کا افتتاح کیا جائے گا ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ ان دونوں مساجد کا سنگ بنیاد مفتیان کرام کے دست مبارک سے کیا جائے گا ۔ جون کے اواخر تک دونوں مساجد کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ مارچ 2022 تک تعمیرات مکمل کرلی جائیں گی ۔