چند لوگ عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ مساجد کی تعمیرات کا معائنہ کرنے کے بعد محمد محمود علی کا ردعمل
حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ سکریٹریٹ مساجد کے تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں ۔ وعدہ کے مطابق سکریٹریٹ کے افتتاح سے قبل مساجد کا افتتاح کردیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے آج تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور کہا کہ مسجد دفاتر معتمدی کا کام چھت تک پہنچ چکا ہے جبکہ مسجد ہاشمی کے فاؤنڈیشن کا کام مکمل ہوا ہے۔ محمد محمود علی نے کہا کہ دونوں مساجد کی تعمیر کافی مضبوطی سے کی جارہی ہے تاکہ آئندہ 100 تا150 سال تک مساجد محفوظ رہ سکیں۔ مسجد اللہ کا گھر ہوتا ہے مساجد کے نام پر کسی قسم کی سیاست نہیں کی جانی چاہیئے مگر چند لوگ صرف سستی کیلئے سیاست کرکے عوام کے ذہنوں کو منتشر کررہے ہیں اور عوام کوگمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے وعدہ کیا ہے کہ سکریٹریٹ کی دونوں مساجد کی تعمیر اور اس کے افتتاح کے بعد سکریٹریٹ کا افتتاح کیا جائے گا ۔ اس میں کسی کو شبہات کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگ عوام کو راغب کرنے مساجد سے متعلق بے بنیاد اور غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں ۔ محمود علی نے کہا کہ ہر مسلمان کو عوامی بالخصوص مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے اُمور کیلئے کام کرنا چاہیئے۔ قائدین کو صرف مندر، مسجد پر نہیں بلکہ تعلیم ، صحت ، ملازمت، معیشت اور دیگر اُمور پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ریاست کی ترقی اور عوام کا فائدہ ہوسکے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مساجد اپنے مقام پر تعمیر کی جارہی ہیں البتہ مسجد کے روبرو ایک کمپاونڈ وال اٹھا کر مسجد کے سامنے سڑک تعمیر کی جارہی ہے تاکہ مساجد میں پانچوں وقت کی نماز، نماز جمعہ اور تراویح بھی پابندی سے ادا کی جاسکے۔ سکریٹریٹ کے علاوہ باہر کے افراد کو بھی نماز ادا کرنے کی سہولت ہوسکے۔ محمد محمود علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیرضروری اور بے بنیاد باتوں پر بھروسہ نہ کریں۔ تمام قائدین مندر، مسجد کے چکر میں پڑے بغیر عوام کی فلاح و بہبود کی فکر کریں۔ن