سکریٹریٹ مساجد کے تعمیری کام تیزی سے جاری، 25 اگسٹ کو افتتاح

   

وزیر داخلہ نے اقلیتی نمائندوں کے ساتھ تعمیری کاموں کا جائزہ لیا، تعمیر پر تقریباً 5 کروڑ کا خرچ

حیدرآباد۔/19 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج سکریٹریٹ کی مساجد کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا جن کا 25 اگسٹ کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ افتتاح انجام دیں گے۔ وزیر داخلہ محمود علی نے آج رکن اسمبلی عامر شکیل، سابق ایم ایل سی فاروق حسین، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ مسیح اللہ خاں، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم، صدرنشین اردو اکیڈیمی خواجہ مجیب الدین، صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اسحاق امتیاز، صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری اور پارٹی کے اقلیتی قائدین شریف الدین، عارف الدین، عبدالباسط کے ہمراہ سکریٹریٹ کی دونوں مساجد کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ کنٹراکٹر معید خاں نے وزیر داخلہ کو تعمیری کاموں کی پیش رفت سے واقف کرایا اور کہا کہ افتتاح کی تاریخ سے قبل تعمیری کام مکمل کرلئے جائیں گے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ سکریٹریٹ اور مساجد ملک میں اپنی نوعیت کی منفرد عمارتیں ہیں۔ ملک کے کسی بھی سکریٹریٹ میں اس طرح کی مساجد نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے اپنے وعدہ کے مطابق خوبصورت مساجد تعمیر کی ہیں۔ مساجد کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔مساجد سکریٹریٹ کے حدود کے باہر ضرور ہیں لیکن انہیں سکریٹریٹ کا حصہ سمجھا جائے گا۔ سکریٹریٹ کے مسلم ملازمین کے علاوہ بیرونی حصہ کے مصلی بھی مسجد میں نماز ادا کرسکیں گے۔ مسجد میں تقریباً 300 مصلیوں کی گنجائش ہے اور پنجوقتہ نمازوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر حقیقی معنوں میں سیکولر اور اقلیت دوست ہیں اور انہوں نے شاندار مساجد کی تعمیر کیلئے ترکی ڈیزائن کو منظوری دی۔ مساجد کی تعمیر پر تقریباً 5 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ مساجد مکمل ایر کنڈیشنڈ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخین اور مسلم نمائندوں کی موجودگی میں 25 اگسٹ کو مساجد کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ر