سکریٹریٹ میں آندھراپردیش کے زیرقبضہ دفاتر کو فوری خالی کرنے مکتوب

   

Ferty9 Clinic

موجودہ عمارت کا انہدام اور ازسرنو تزئین کیلئے 27جون کو سنگ بنیاد تقریب، چیف سکریٹری کا بیان
حیدرآباد۔11جون(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے دفاتر معتمدی میں موجود حکومت آندھراپردیش کی عمارتیں جلد از جلد واپس کی جائیں۔ چیف سیکریٹری تلنگانہ مسٹر ایس کے جوشی نے اپنے ہم منصب مسٹر ایل وی سبرامنیم کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی کہ حیدرآباد سیکریٹریٹ میں جو عمارتیں آندھراپردیش کے قبضہ میں ہیں انہیں فوری خالی کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کے حوالہ کئے جائیں تاکہ ان عمارتوں کو حکومت تلنگانہ اپنے دفاتر معتمدی اور ریاستی وزراء کیلئے استعمال کرسکے۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ نے موجودہ سیکریٹریٹ کے انہدام اور از سر نو تعمیر کے سلسلہ میں کئے گئے فیصلہ کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت تلنگانہ نے سیکریٹریٹ میں نئی عمارت کی تعمیر کے سنگ بنیاد کیلئے 27 جون کی تاریخ طئے کی ہے کیونکہ اس کے بعد آئندہ 3ماہ تک کوئی بہتر تاریخ نہ ہونے کے سبب حکومت نے عاجلانہ طور پر سنگ بنیاد تقریب منعقدکرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ موجودہ سیکریٹریٹ کی عمارت میں واستو کے ماہرین کے مطابق نقائص ہیں اور اسے نقائص سے پاک بنانے کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے یہ کاروائی انجام دی جا رہی ہے اور سیکریٹریٹ کے حدود میں نئی عمارت کی تعمیر کا منصوبہ جو کہ تیار ہے اس پر عملی جامہ پہنانے کیلئے ڈی بلاک میں موجود تمام وزراء کو آندھرا پردیش کے حصہ میں رہنے والی عمارتو ںمیں عارضی طور پر منتقل کیا جائے گا اور تعمیر مکمل ہونے کے بعد انہیں مستقل دفاتر حوالہ کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت آندھرا پردیش نے آئندہ 4یوم کے دوران ان کے قبضہ میں موجود عمارتوں سے اپنے سامان کو منتقل کرنے کا تیقن دے چکے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ سامان کی منتقلی کا عمل شروع بھی کیا جا چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی نے نئے سیکریٹریٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں درکار بجٹ کے متعلق پرنسپل سیکریٹری فینانس مسٹر کے راما کرشنا راؤ سے تفصیلی تبادلہ ٔ خیال کیا اورجلد از جلد تعمیری کاموں کو شروع کرنے اور معینہ مدت میں انہیں ختم کرنے کی ہدایت دی۔حکومت تلنگانہ نے ریاستی حکومت کے محتلف شعبوں کے ذمہ داروں اور وزراء کو اس بات سے واقف کروادیا ہے کہ آئندہ ہفتہ ان کے دفاتر کی منتقلی عمل میں لائی جائے گی اور ان دفاتر کو منتقل کرنے کے بعد موجودہ عمارت کو منہدم کرتے ہوئے اس کی جگہ نئی عمارت کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت نے نئی سیکریٹریٹ کی عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں نقشہ اور ماڈل تیار کرلیا ہے اور اس ماڈل کے مطابق ہی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ بتایاجاتا ہے کہ نئی عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات میں سب سے اہم پارکنگ اور شجرکاری پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ سیکریٹریٹ کی نئی عمارت عصری ٹکنالوجی سے آراستہ ہوگی۔