جان بچانا مشترکہ ذمہ داری ، حفاظتی عادات گھر سے شروع ہوتی ہیں ۔ پونم پربھاکر
حیدرآباد : /3 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سڑک حادثات میں کمی اور ذمہ دارانہ ٹریفک رویوں کے فروغ کے مقصد سے روڈ سیفٹی کے عہد (Road Safety Pledge) کی ویب سائٹ کا باقاعدہ آغاز منگل کو سکریٹریٹ میں کیا گیا ۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے اس ویب سائیٹ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تلنگانہ میں ذمہ دارانہ رویوں کی ثقافت کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کا مقصد شہریوں اور والدین کو سڑک کی حفاظت کے اصولوں پر شعوری طور پر عمل کرنے کی ترغیب دینا ہے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ جان بچانا ایک مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ حفاظتی عادات گھر سے شروع ہوتی ہیں اور ہر سڑک پر اس کا تسلسل ضروری ہے ۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ریاست بھر میں سڑک استعمال کرنے والوں کے درمیان نظم و ضبط ، بیداری اور ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دینا حکومت کا ویژن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری اس ویب سائٹ کے ذریعہ ٹریفک قوانین کی پابندی اور سڑک پر ہر زندگی کے احترام کا عہد لے سکتے ہیں ۔ جبکہ والدین عہد کے ذریعہ اپنے بچوں میں محفوظ عاداتیں پروان چڑھاسکتے ہیں ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ روڈ سیفٹی محض نفاذ (Enforcement) تک محدود نہیں ہے ۔ بلکہ یہ خاندانوں ، بچوں اور تلنگانہ کے ہر شہری کیلئے ایک اجتماعی وعدہ ہے ۔ یہ ویب سائیٹ سڑک کی حفاظت کے تیئں حکومت کے مضبوط ادارہ جاتی عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ 2