کیو آر کوڈ کے ساتھ نئے شناختی کارڈس کی اجرائی
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ سکریٹریٹ میں نقلی شناختی کارڈس کے ذریعہ غیر متعلقہ افراد کے داخلہ کا حکومت نے سخت نوٹ لیا ہے۔ سکریٹریٹ کے ملازمین کے شناختی کارڈ کو تبدیل کرتے ہوئے دیگر افراد اپنی تصاویر کے ساتھ نقلی شناختی کارڈس تیار کرتے ہوئے سکریٹریٹ میں گھوم رہے ہیں۔ اس بارے میں حالیہ دنوں میں کئی فرضی ملازمین کا پتہ چلایا گیا ۔ حکومت نے سرکاری ملازمین کے شناختی کارڈس کی نقلی تیاری کو روکنے کیلئے نئے شناختی کارڈس کی اجرائی کا آغاز کیا ہے۔ سیکوریٹی کے پیش نظر نئے شناختی کارڈس کو کیو آر کوڈ سے مربوط کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں صرف حقیقی ملازمین ہی سکریٹریٹ کے احاطہ میں داخل ہوسکتے ہیں۔ کیو آر کوڈ کے بغیر شناختی کارڈ سے داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کیو آر کوڈ اور آر ایف آئی ڈی ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ کارڈس کی نقلی تیاری کو روکا جاسکتا ہے۔ سکریٹریٹ میں مستقل ملازمین کی تعداد 1300 ہے جبکہ کلاس 4 ملازمین 300 ہیں۔ پہلے مرحلہ میں انہیں نئے شناحتی کارڈس جاری کئے جارہے ہیں۔ چیف سکریٹری نے باقی ملازمین کو اندرون ایک ماہ نئے کارڈس جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔1
