سکریٹریٹ میں نماز کی ادائیگی کے پروگرام کو کانگریس کی تائید

   


مساجد کی تعمیر میں حکومت غیر سنجیدہ، فیروز خاں کا الزام
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے 24 جنوری کو چلو سکریٹریٹ پروگرام کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ سکریٹریٹ کے احاطہ میں مساجد کے مقام پر نماز کی ادائیگی کیلئے تحریک مسلم شبان نے پروگرام کا اعلان کیا۔ سینئر کانگریسی قائد اور نامپلی انچارج محمد فیروز خاں اور نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں نے احتجاجی پروگرام کی تائید کی اور عوام سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو جمعہ کے موقع پر انہوں نے سیکریٹریٹ کے احاطہ میں نماز جمعہ ادا کرنے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس نے حراست میں لے لیا۔ فیروز خاں نے بتایا کہ 7 ماہ گزرنے کے باوجود کے سی آر نے مساجد کی دوبارہ تعمیر کیلئے سنگ بنیاد نہیں رکھا ہے۔ سکریٹریٹ کے احاطہ میں مساجد اور مندر کی دوبارہ تعمیر کا حکومت نے اسمبلی میں وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کی تعمیر میں حکومت کی عدم دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ہائیکورٹ میں حکومت نے حلفنامہ داخل نہیں کیا ہے۔ فیروز خاں نے سکریٹریٹ کے احاطہ میں 20 افراد کو سماجی فاصلہ کے ساتھ نماز کی ادائیگی کی اجازت کے سلسلہ میں درخواست دائر کی ہے۔ حکومت کو ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود حلفنامہ داخل کرنے سے گریز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جمہوری انداز میں مساجد کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ عوامی احتجاج اور قانونی لڑائی کے ذریعہ دونوں مساجد کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا۔ فیروز خاں اور راشد خاں نے عوام سے اپیل کی کہ 24 جنوری کو بڑی تعداد میں سکریٹریٹ پہنچ کر باجماعت نماز ادا کریں تاکہ تعمیری کاموں کے آغاز کیلئے حکومت پر دباؤ بنایا جاسکے۔ انہوں نے مسلم جماعتوں اور تنظیموں سے بھی اس پروگرام میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔