سکریٹریٹ و سرکاری دفاتر میں وزیٹرس کے داخلے پر پابندی

,

   

ملازمین کی خدمات میں رعایت، عہدیدار اے سی استعمال نہ کریں، چیف سکریٹری کے احکام
سکریٹریٹ و سرکاری دفاتر میں وزیٹرس کے داخلے پر پابندی
حیدرآباد۔حکومت نے سکریٹریٹ اور دیگر سرکاری دفاتر کیلئے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے گائیڈ لائنس پر مشتمل احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جس کے مطابق سکریٹریٹ اور دیگر سرکاری دفاتر میں 50 فیصد آفس سب آرڈینیٹس ، ڈیٹا انٹری آپریٹر اور کلاس فورتھ ایمپلائز ہفتہ واری اساس پر متبادل خدمات انجام دیں گے۔ 50 فیصد کلریکل اسٹاف ایک دن آڑ اساس پر کام کریگا۔ ایسے عہدیدار جنہیں علحدہ چیمبرس الاٹ کئے گئے ہیں وہ باقاعدہ خدمات انجام دیں گے۔ سیکشن آفیسرس ، اسسٹنٹ سیکشن آفیسرس، کلریکل اسٹاف، آفس سب آرڈینیٹس، ڈیٹا انٹر آپریٹرس اور کلاس فورتھ ایمپلائز جو مقررہ دن ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوئے انہیں ہیڈکوارٹر پر بہر صورت موجود رہنا ہوگا۔ انہیں کسی بھی شارٹ نوٹس پر آفس طلب کیا جاسکتا ہے۔ سرکاری دفاتر میں وزیٹرس کو داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی تاوقتیکہ متعلقہ آفس کی جانب سے اجازت حاصل کی جائے یا پہلے سے اپوائنٹمینٹ طئے رہے۔ لفٹ میں آپریٹر کے علاوہ صرف تین افراد کی اجازت رہے گی۔ آفس احاطہ اور گاڑیوں کی روزانہ صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ ملازمین سماجی فاصلہ کے قواعد پر عمل کریں۔ اسٹاف کو پابند کیا گیا کہ وہ لنچ اپنے گھر سے لائیں اور ساتھ بیٹھ کر کھانے سے گریز کریں۔ ہاتھوں کی صفائی، سینٹائیزیشن اور ماسک کا استعمال سختی سے عمل کیا جائے ۔ تمام ڈرائیورس اپنی متعلق پیشی میں موجود رہیں اور وہ پارکنگ میں ایک ساتھ نہ بیٹھیں۔ عہدیدار اپنے کمروں میں ایر کنڈیشنڈ کا استعمال نہ کریں اور زیادہ سے زیادہ ونٹیلیشن کو یقینی بنائیں۔ حاملہ خواتین اور دیگر امراض سے متاثرہ ملازمین رخصت حاصل کرتے ہوئے گھر پر رہ سکتے ہیں انہیں ہیڈ کوارٹر پر موجود رہنا ہوگا۔ نئے گائیڈ لائنس 22 جون تا 4 جولائی نافذ رہیں گے۔