سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر جلد مکمل کرنے چیف منسٹر کی عہدیداروں کو ہدایت

,

   

کے سی آر نے شخصی طور پر کاموں کا مشاہدہ کیا، سکریٹریٹ ملک کی خوبصورت عمارت ہونی چاہئے، کام کی رفتار پر اظہار اطمینان
حیدرآباد۔9۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرکے عوام کیلئے پیش کریں۔ کے سی آر نے آج ریاستی وزراء و عہدیداروں کے ساتھ نئے سکریٹریٹ کیمپس کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف عمارتوں کے تعمیری مراحل پر عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے شخصی طور پر تعمیری کاموں کا مشاہدہ کرکے بعض تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کام کی تیز رفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی اور دیگر عہدیداروں کو تعمیری کاموں کی رفتار پر مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ کامپلکس کا کام اختتامی مراحل میں ہے۔ چیف منسٹر نے آر اینڈ بی عہدیداروں و تعمیری کام میں مشغول کمپنی نمائندوں سے بات کی۔ چیف منسٹر نے کامپلکس میں وزراء کے چیمبرس ، پارکنگ ایریا ، سکریٹریز اور وی آئی پیز کے چیمبرس کا معائنہ کرتے ہوئے بعض تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے گراؤنڈ فلور کا مکمل معائنہ کیا اور فرسٹ فلور پر جاری کاموں کا بذات خود جائزہ لیا۔ انہوں نے عمارت کے الیویشن کیلئے انجنیئرس کو تجاویز پیش کیں۔ عہدیداروں نے عمارت کے ڈیکوریشن کے سلسلہ میں استعمال کئے جانے والے اشیاء کا چیف منسٹر کو مشاہدہ کرایا جن میں گرانائیٹس ، لائیٹس اور نمائشی اشیاء شامل ہیں، جن کے ذریعہ عمارت کی خوبصورت میں اضافہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے کلر ڈیزائن اور کوالیٹی کے بارے میں سوالات کئے۔ چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ عمارت کا الیویشن انتہائی خوبصورت اور روشن ہونا چاہئے ۔ کھڑکیوں ، المونیم فیبریکیشن ، فلورائیڈ ماربل اور دیگر اقسام کے گرانائیٹس کا چیف منسٹر کو مشاہدہ کرایا گیا ۔ چیف منسٹر نے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور دوسروں سے بعض تعمیری کاموں کے سلسلہ میں مشورہ لیا۔ انہوں نے سکریٹریٹ کے درمیان تعمیر کئے جانے والے واٹر فاؤنٹین کے پلان کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کاموںکی رفتار کے ساتھ ساتھ معیار کو بھی برقرار رکھا جائے ۔ نیا سکریٹریٹ ملک کی ایک خوبصورت عمارت ہونی چاہئے اور جس پر سارے ملک کو فخر حاصل ہو۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ دیگر ریاستوں میں تعمیر کئے گئے سکریٹریٹ عمارتوں کا جائزہ لیں۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء پرشانت ریڈی ، سبیتا اندرا ریڈی ، رکن اسمبلی جیون ریڈی ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، انجنیئر انچیف گنپتی ریڈی ، حکومت کے مشیر سدھاکر تیجا کے علاوہ پولیس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔ کنسٹرکشن کمپنی شاہ پور جی پالونجی کے نمائندوں نے چیف منسٹر کو تعمیری منصوبہ اور کاموں کی پیشرفت سے واقف کرایا۔ ر