سکریٹریٹ کی دونوں مساجد کے تعمیری کام آخری مراحل میں

,

   

Ferty9 Clinic

وزیر داخلہ محمود علی نے معائنہ کیا، 25 اگسٹ کو چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں افتتاح

حیدرآباد۔/16 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سکریٹریٹ کی دونوں مساجد کے تعمیری کام اختتامی مراحل میں ہیں اور 20 اگسٹ تک دونوں مساجد مکمل طور پر تیار ہوجائیں گی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے ہمراہ دونوں مساجد کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ کو کنٹراکٹرس اور آر اینڈ بی کے عہدیداروں نے تفصیلات سے واقف کرایا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں مساجد کے کام 99 فیصد تک مکمل ہوچکے ہیں اور آخری مراحل کا کام 20 اگسٹ تک مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مساجد کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ تعمیر کیا گیا ہے اور ان کا شمار ملک کی خوبصورت مساجد میں ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں کسی بھی ریاستی سکریٹریٹ کے تحت مسجد، مندر اور چرچ موجود نہیں ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے حکومت کی جانب سے تینوں عبادت گاہوں کی تعمیر کے ذریعہ اپنے سیکولرازم کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طئے شدہ پروگرام کے مطابق 25 اگسٹ کو چیف منسٹر کے سی آر دونوں مساجد کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر مذہبی شخصیتوں اور عوامی نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد دفاتر معتمدی اور مسجد ہاشمی میں فلورنگ اور ٹائیلٹس کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے۔ مساجد کی تعمیر کے سب کنٹراکٹر عبدالمعید خاں نے کہا کہ آئندہ پانچ دنوں میں مساجد تیار ہوجائیں گی۔ مساجد کا ڈیزائن اور گنبد ترکی طرز تعمیر کی مثال ہے۔ وزیر داخلہ نے کنٹراکٹرس اور دیگر عہدیداروں کو کاموں کی تکمیل میں معیار کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل نے بتایا کہ چیف منسٹر نے تینوں عبادت گاہوں کی عاجلانہ تکمیل پر توجہ مرکوز کی ہے۔