سکریٹریٹ کی عمارتوں کو تاحکم ثانی منہدم نہ کیا جائے

   

تلنگانہ ہائیکورٹ کے احکام ، نئی عمارت کی تعمیر پر عدالت کی تعطیلات کے بعد فیصلہ
حیدرآبادیکم اکٹوبر(سیا ست نیوز) سیکریٹریٹ کی عمارتوں کو تا حکم ثانی منہدم نہ کیا جائے ۔ ہائی کورٹ نے آج مختلف درخواستوں کی سماعت کے دوران یہ احکام جاری کئے اور کہا کہ سیکریٹریٹ کی نئی عمارتوں کی تعمیر کیلئے عدالت میں مقدمات زیر التوا ہیں اور ایسے میں انہدام کی کاروائی نہ کی جائے۔ درخواست گذاروں نے عدالت سے رجوع ہوکر لنچ کے وقفہ میں سماعت کی درخواست داخل کی تھی اور کہاتھا کہ حکومت کی جانب سے کابینہ کے اجلاس میں نئے سیکریٹریٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں تشکیل سب کمیٹی کی رپورٹ کو منظور کرکے موجودہ عمارتوں کے انہدام کے آغاز کا خدشہ ہے ۔ عدالت نے ان درخواستوں پر احکام جاری کئے کہ ہائی کورٹ کو تعطیلات ہیں اسی لئے تعطیلات کے اختتام تک انہدام کو زیر التوا رکھا جائے اور جوں کا توں موقف برقرار رکھا جائے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے وزراء کی ذیلی کمیٹی اور ماہرین کمیٹی کی رپورٹ کو کابینہ میں منظوری دے کر سیکریٹریٹ عمارتوں کو منہدم کئے جانے کا خدشہ ہے اسی لئے اس کاروائی پر روک لگانے احکامات جاری کئے جائیں ۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ میں سیاسی جماعتوں کے علاوہ غیر سرکاری تنظیموں اور ادارو ں نے انہدام کے خلاف درخواست داخل کرکے الزام عائد کیا کہ حکومت عوامی مالیہ بے جا خرچ کر رہی ہے اور موجودہ سیکریٹریٹ میں کوئی خامی نہیں ہے اسکے باوجود اس کو منہدم کرکے دوبارہ تعمیر کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آج ریاستی کابینہ کے مجوزہ اجلاس میں فیصلہ کئے جانے کے خدشہ کے تحت عدالت سے رجوع ہونے پر درخواست گذار کو راحت فراہم کرتے ہوئے عدالت نے حکومت کو ان عمارتوں کے انہدام سے باز رکھنے کے احکامات جاری کئے ۔ عدالت میں نئی عمارت کی تعمیر کیلئے حکومت کے استدلال کو عدالت نے تعطیلات کے بعد سماعت کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں 11اکٹوبر کے بعد تاریخ دی جائے گی۔