حیدرآباد۔ حکومت نے سکریٹریٹ کی قدیم عمارتوں کے انہدام کی تیاری کرلی ہے۔ قدیم عمارتوں میں موجود ساز و سامان کی منتقلی کا آج آغاز ہوگیا۔ سکریٹریٹ کے احاطہ میں موجود سرکاری گاڑیوں کو نظام کالج گرائونڈ منتقل کردیا گیا۔ ہائی کورٹ کی جانب سے موجودہ عمارتوں کے انہدام کی اجازت کے ساتھ ہی حکومت نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اندرون دو ہفتے سکریٹریٹ کی تمام قدیم عمارتیں خالی ہوجائیں گی جس کے بعد حکومت کی کمیٹی ان کا معائنہ کرے گی۔ عہدیداروں کی رپورٹ کے بعد انہدام کی کارروائی شروع ہوگی۔ حکومت عمارتوں کے انہدام کے لیے عصری ٹکنالوجی کے استعمال کا منصوبہ رکھتی ہے۔ سکریٹریٹ میں بعض عمارتیں نئی ہیں جن کے انہدام میں حکام کو کافی دشواریاں پیش آسکتی ہیں۔ نئے منصوبے کے مطابق سکریٹریٹ کامپلکس پر 500 کروڑ خرچ کئے جاسکتے ہیں۔