چیف منسٹر کے سی آر و مذہبی قائدین کی شرکت ،نماز جمعہ کا اہتمام ، چیف سکریٹری نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔24۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کل 25 اگست کو سکریٹریٹ کی تینوں مذہبی عبادتگاہوں کا افتتاح کرینگے ۔ نو تعمیر شدہ سکریٹریٹ سے متصل اراضی پر مساجد، مندر اور چرچ کی تعمیر کی گئی ہے ۔ حکومت کے خرچ پر تینوں مذہبی عبادت گاہیں خوبصورتی سے تعمیر کی گئیں جن کا ایک ہی دن آغاز ہوگا۔ جمعہ کے پیش نظر مسجد دفاتر معتمدی میں باجماعت نماز کے ذریعہ پنچ وقتہ نمازوں کا آغاز ہوگا۔ واضح رہے کہ قدیم سکریٹریٹ کی عمارتوں کے انہدام میں دونوں مساجد اور مندر کو منہدم کردیا گیا تھا ۔ مساجد اور مندر کے علاوہ حکومت نے چرچ کی تعمیر کا اعلان کیا ۔ قدیم سکریٹریٹ میں مساجد اور مندر احاطہ میں شامل تھے لیکن نئے سکریٹریٹ میںعبادت گاہوں کو بیرونی حصہ میں رکھا گیا ہے ۔ حکومت کے فیصلہ سے مساجد اور مندر کا مقام تبدیل ہوچکا ہے ۔ مسجد دفاتر معتمدی اور مسجد ہاشمی کیلئے 1600 گز اراضی مختص کی گئی اور ترکی طرز تعمیر پر دونوں مساجد تیار ہوچکی ہیں ۔ مسجد کے بیرونی و اندرونی حصہ میں خوبصورتی سے تعمیری کام کئے گئے اور اندرونی حصہ میں خوبصورت جھومر نصب ہے ۔ مساجد میں قرآنی آیات کو دیواروں پر خوبصورتی سے لکھا گیا ۔ مسجد دفاتر معتمدی میں 250 مصلیوں کی گنجائش ہے جبکہ مسجد ہاشمی میں 20 مصلی بیک وقت نماز ادا کرسکتے ہیں۔ اسی دوران چیف سکریٹری شانتی کماری نے آج عبادت گاہوں کا دورہ کرکے انتظامات کو قطعیت دی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مساجد کے علاوہ چرچ اور نلہ پوچماں مندر کا افتتاح کرینگے۔ آج رات تک عبادتگاہوں کو افتتاح کیلئے تیار کردیا جائے۔ چیف سکریٹری نے مندر میں پوجا میں حصہ لیا ۔ مسجد کے معائنہ کے موقع پر چیف سکریٹری اندرونی حصہ کی خوبصورتی سے متاثر ہوئیں اور سیل فون سے تصاویر لیں۔ اس موقع پر سکریٹری آر اینڈ بی سرینواس راجو ، سکریٹری فینانس ٹی کے سری دیوی ، سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ اور دیگر موجود تھے۔ مسجد کے کاموں پر سب کنٹراکٹر معید خاں نے تفصیلات سے واقف کرایا۔ افتتاحی تقریب میں عوامی نمائندے ، علماء و مشائخین اور ٹی آر ایس اقلیتی قائدین شرکت کریں گے۔