اسد اویسی ، مشتاق ملک ، راشد خان مل کر آواز بلندکریں ، فارس قادری کی ہمدردانہ اپیل
حیدرآباد : تلنگانہ سکریٹریٹ کی شہید مساجد کی تعمیر نو کیلئے جاری کوششوں پر ناگپور کے معروف سماجی کارکن فارس قادری نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ 12جولائی کو چلو پرگتی بھون کے مجوزہ پروگرام پر مسلم قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر آنے کا مشورہ دیتے ہوئے فارس قادری کی تازہ فون ریکارڈنگ منظر عام پر آئی ہیں ۔ مقصد کے حصول اور کامیابی کیلئے تمام مسلم قائدین کو متحدہ جدوجہد کا مشورہ دیتے ہوئے فارس قادری نے کہا کہ مساجد کیلئے جاری احتجاج کو سیاسی رنگ نہ دیں بلکہ متحدہ طور پر جدوجہد کرتے ہوئے کامیاب کوشش کریں ۔ فارس قادری نے جدوجہد سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے راشد خان سے کہا کہ وہ تمام قائدین کو اپنے مجوزہ پروگرام میں دعوت دیں ۔ فارس قادری نے اسد الدین اویسی ، مشتاق ملک اور دیگر قائدین کو بھی چلو پرگتی پروگرام میں شرکت کی دعوت دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ سکریٹریٹ میں مساجد کے ساتھ مندر بھی مسمار کی گئی ۔ لہذا اکثریتی قائدین کو بھی تحریک میں اپنے ساتھ رکھیں ۔ فارس نے اپنا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک سے دھرم کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس کیلئے سرگرم ہیں ۔ فارس قادری نے ستمبر میں حیدرآباد آمد کا اشارہ دیا اور مساجد کی تحریک کی کامیابی کی امید کی ، دیگر صورت نتائج کی پرواہ کئے بغیر مساجد کا سنگ بنیاد رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ راشد خان سے بات چیت کرتے ہوئے ناگپور کے سرگرم معروف سماجی کارکن فارس قادری نے کہا کہ وہ مساجد کی تعمیر نو کی تحریک کو سیاسی رنگ نہ دیں ۔ سیاست سے بالاتر ہوکر تحریک میں جوجہد کریں اور تمام مسلم سیاسی قائدین کو مدعو کریں جو مسلمان مساجد کیلئے تڑپ رکھتا ہے وہ ضرور آئے گا دیگر صورت اس کی حقیقت بھی آشکار ہوجائے گی ۔ مشتاق ملک سے بات کرتے ہوئے فارس قادری نے تحریک میں شامل ہونے کی درخواست کی ۔فارس قادری نے مشتاق ملک کو ہر لحاظ سے تحریک کا حصہ بننے کیلئے راضی کرنے کی کوشش کی ۔ تاہم مشتاق ملک اپنی بات پر اڑے رہے اور آئندہ دو دنوں میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے فیصلہ لینے کی بات کہی جبکہ مساجد کیلئے جاری تحریک میں فوری طور پر شامل ہونے کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا ۔ فارس قادری نے راشد خان سے درخواست کی کہ وہ تمام جماعتوں سے وابستہ مسلم قائدین کو دعوت نامہ روانہ کریں اور سیاسی بیانر کا سہارا نہ لیں بلکہ ملی بیانر کے تحت متحدہ جدوجہد کریں ۔ فارس قادری نے حیدرآباد جیسے شہر میں مساجد کو شہید کرنے پر ایک سال تک خاموشی پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ مساجد کی تعمیر نو کیلئے تحریک کو کامیاب بنانا سب کی ذمہ داری ہے ۔