سکریٹریٹ کی مساجد کی تعمیرِ نو چیف منسٹر کے وعدہ کی تکمیل

   

اقلیتوں کی ترقی کیلئے حکومت سنجیدہ، ٹی آر ایس قائد فرقان احمد کا بیان
حیدرآباد۔/28نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سکریٹریٹ کی مساجد کی تعمیرِ نو کے وعدہ کی تکمیل کے ذریعہ مسلمانوںکے دلوں کو جیت لیا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے گزشتہ سات برسوں میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ ٹی آر ایس یوتھ ونگ کے قائد محمد فرقان احمد نے ایک بیان میں سکریٹریٹ کی مساجد کے سنگ بنیاد پر چیف منسٹر کے سی آر کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے2.9 کروڑ سے انتہائی خوبصورت مساجد کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جو ان کے حقیقی مقامات پر تعمیر کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی اقلیت دوستی کا اس سے بہتر ثبوت کیا ہوسکتا ہے کہ انہوں نے 1500 گز اراضی دونوں مساجد کیلئے الاٹ کرتے ہوئے مساجد کے درمیان کا حصہ بھی مساجد کے تحت کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ کی تعمیر کی تکمیل تک مساجد کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی اور ترکی طرز تعمیر کے تحت خوبصورت پلان تیار کیا گیا ہے۔ فرقان احمد نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر ملک کے واحد سیکولر چیف منسٹر ہیں جو تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتے ہیں۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں اقلیتوں کی بھلائی کیلئے اس قدر اسکیمات نہیں ہیں اور نہ ہی بجٹ الاٹ کیا گیا جس قدر کہ تلنگانہ میں کے سی آر حکومت اسکیمات پر عمل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے حکومت کئی نئے منصوبے رکھتی ہے جن کا عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کی تعمیرِ نو کے علاوہ اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری میں ریاستی وزیر کے ٹی آر کے علاوہ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور وزیر داخلہ محمد محمود علی کی مساعی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ر