حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) سکریٹریٹ کی مساجد کی تعمیر نو کا مطالبہ کرتے ہوئے کل 12 اگست کو سکریٹریٹ کے قریب راستہ روکو احتجاج منظم کیا جائے گا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری راشد خاں نے بتایا کہ سکریٹریٹ کی قدیم عمارت کے قریب 2 بجے دن کانگریس کارکن اور عوام راستہ روکو احتجاج منظم کرتے ہوئے مساجد کی تعمیر نو کا آغاز کرنے کا حکومت سے مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف مسلم تنظیموں اور اداروں سے احتجاج کے سلسلہ میں ربط قائم کیا گیا ہے ۔ مسلم تنظیموں نے احتجاج میں حصہ لینے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کی تعمیر نو کے مسئلہ پر کے سی آر حکومت کا موقف غیر واضح ہے۔ تعمیری کاموں کے آغاز کیلئے تین مرتبہ مختلف تاریخوں کا اعلان کیا گیا لیکن تعمیری کام ابھی تک شروع نہیں ہوا ہے۔ مسلمانوں کو گمراہ کرنے کیلئے حکومت نے وزراء کے ذریعہ کئی وعدے کئے۔ فیروز خاں نے کہا کہ راستہ روکو احتجاج کا مقصد مساجد کی تعمیر کے آغاز کے لئے حکومت پر دباؤ بنانا ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر نے گزشتہ دنوں سکریٹریٹ کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا لیکن عبادتگاہوں کی تعمیر اور ان کے مقام کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ۔