سکریٹریٹ کی مساجد کی تعمیر کیلئے سرکاری طور پر اعلان کیا جائے

   


کے سی آر کے وعدوں پر بھروسہ نہیں، اقلیتی قائد شیخ عبداللہ سہیل کا مطالبہ

حیدرآباد۔ تلنگانہ پردیش کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں دو مساجد اور ایک مندر کے سنگ بنیاد کی تاریخ کا سرکاری طور پر اعلان کریں۔ گذشتہ سال جولائی میں ان عبادت گاہوں کو غیر قانونی طور پر منہدم کیا گیا تھا۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے وزراء کو موجودہ مقامات پر عبادت گاہوں کی تعمیر کے سلسلہ میں سرکاری طور پر تاریخ کا اعلان کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ 26 فروری کو کے سی آر نے سکریٹریٹ کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا تھا۔ اس کے بعد چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ میں عبادت گاہوں کی تعمیر کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ دوسرے دن تین وزراء محمود علی، کے ایشور اور سرینواس یادو نے صدرنشین وقف بورڈ اور عوامی نمائندوں اور بعض مذہبی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ کسی بھی وزیر نے 26 فروری کو سنگ بنیاد کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ اس تاریخ کا اعلان بعض مذہبی قائدین نے کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیر داخلہ محمود علی نے نامپلی پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سکریٹریٹ کی تعمیر سے قبل مساجد کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ وزیر داخلہ نے سنگ بنیاد کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ شیخ عبداللہ سہیل نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر مساجد کیلئے جاری احتجاج کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گذشتہ سال جولائی سے اس مسئلہ کو ٹالا جارہا ہے۔ اس سے قبل بھی سنگ بنیاد کا اعلان کیا گیا تھا لیکن تکمیل نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی اور احتجاج کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے وزراء کو مذہبی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر یا کسی وزیر نے سنگ بنیاد کی تاریخ کا انکشاف نہیں کیا ہے۔ 26 فروری کا اعلان محض ٹالنے کی ایک کوشش ہے۔ گریجویٹ زمرہ کی 2 اسمبلی نشستوں، کھمم اور ورنگل میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کیلئے اعلامیہ آئندہ چند دنوں میں جاری کیا جائے گا جس کے بعد مساجد کا سنگ بنیاد ممکن نہیں ہے۔ انتخابی عمل کی تکمیل کیلئے تین تا چار ماہ درکار ہوں گے اور حکومت انتخابی ضابطہ اخلاق کا بہانہ بناکر سنگ بنیاد کو ملتوی کردے گی۔ اس مدت کے دوران نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ کانگریس قائد نے کہا کہ مساجد کے ڈیزائن کے بارے میں سوشیل میڈیا میں پیش کردہ نقشہ سرکاری طور پر منظورہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سنگ بنیاد تقریب کے بارے میں سرکاری طور پر اعلان کرے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ 26 فروری کی تاریخ کے اعلان سے گمراہ نہ ہوں ۔ چیف منسٹر کے وعدوں پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔