اسمبلی میں وزیر پرشانت ریڈی کا تیقن، تینوں عبادتگاہوں کے بیک وقت سنگ بنیاد کا منصوبہ
حیدرآباد: وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے تلنگانہ اسمبلی میں یقین دلایا کہ سکریٹریٹ میں مسجد اور دیگر عبادتگاہوںکی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد کی تاریخ رمضان المبارک سے قبل طئے کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسجد ، مندر اور چرچ تینوں کیلئے ایک وقت میں سنگ بنیاد کا منصوبہ رکھتی ہے اور رمضان المبارک سے قبل کسی موزوں تاریخ کا انتخاب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے کامپلکس کی تعمیر کیلئے بنیادوں کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے اور مٹی منتقل کرنے کا کام جاری ہے ۔ حکومت رمضان المبارک سے قبل عبادتگاہوں کے تعمیری کام کے آغاز کا منصوبہ رکھتی ہے۔ مجلس کے رکن معظم خاں نے اس جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ رمضان ا لمبارک سے قبل سنگ بنیاد کو یقینی بنائے اور تاریخ کا اعلان کرے۔ وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ نے بارہا اعلان کیا ہے کہ مساجد ان کی موجودگی مقامات پر تعمیر کئے جائیں گے ۔ اس سلسلہ میں ارکان کو شبہ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ سابق میں مسجد 433 گز علاقہ پر محیط تھی لیکن اب 1500 گز اراضی پر مسجد تعمیر کی جائے گی ۔ مندر کے لئے 1500 گز اور چرچ کے لئے 500 گز اراضی الاٹ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگ بنیاد کے سلسلہ میں بہت جلد اجلاس منعقد کرتے ہوئے نہ صرف پلان کو منظوری دی جائے گی بلکہ سنگ بنیاد کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔