حیدرآباد۔29جولائی (سیاست نیوز) ریاستی سیکریٹریٹ کی منتقلی کا عمل 2اگسٹ سے شروع کردیا جائے گا اور برگلا رام کرشنا بھون کی نویں منزل ریاستی کابینی وزراء کے لئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ریاست کے محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کو حیدرآباد میٹرو ریل بھون منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ 2 اگسٹ سے تلگو ماہ شراونم شروع ہونے جا رہاہے اور اسی کی مناسبت سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سیکریٹریٹ کی منتقلی کا عمل شروع کیا جائے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تلنگانہ سیکریٹریٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات پر مقدمہ بازی جاری ہے اور تلنگانہ ہائی کورٹ میں اس سلسلہ میں کئی درخواستیں زیر التواء ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت کی جانب سے سیکریٹریٹ میں موجود محکمہ جات کے دفاتر کی منتقلی کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے جا رہے ہیں۔