اسی مقام پر تعمیر کیلئے کریم نگر کانگریس شعبہ اقلیت کا مطالبہ
کریم نگر۔ صدرضلع شعبہ اقلیت کانگریس محمد تاج الدین کے صحافتی بیان کے بموجب ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تلنگانہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں نظام حکومت میں تعمیر کردہ دو قدیم مساجد اور ایک مندر کو بھی 7 جولائی 2020 کو منہدم کردیا گیا ان مساجد کو اسی مقام پر تعمیر کروایا جائے اور مبینہ طور پر ذمہ دار حکومت تلنگانہ اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر قانون کے مطابق مجرمانہ غفلت کے تحت مقدمہ درج کئے جانے کی ضرورت ہے۔ مرکزی ایکٹ 42/1991 کے مطابق تمام عبادت گاہوں مسجد، مندر، چرچ، گردواروں ، دیوالیم کو منہدم کیا جانا قابل جرم ہے ۔15 اگسٹ 1947 سے یہ قانون عمل میں لایا جاچکا ہے۔ اس کے باوجود تلنگانہ حکومت اس کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوچکی ہے۔ مذکورہ مساجد اور مندرکی از سر نو تعمیر کی جائے گی کہنا اپنے ذاتی مفادات کے تحت اعلان ہے ۔ایک طرف عوام کورونا وائرس کے قہر سے پریشان حال ہیں اور روز بروز اس میں اضافہ ہورہا ہے ، معیشت تباہ ہوچکی ہے ، بہت سارے افراد بھوک سے اور علاج نہ ہونے کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں اور بہت سارے خاندان علاج معالجہ کیلئے کارپوریٹ دواخانوں کا رُخ کرتے ہوئے مقروض ہوچکے ہیں۔اس کے باوجود کے سی آر انتہائی آرام دہ زندگی گذاررہے ہیں اورسکریٹریٹ کی نئی عمارتوں کی تعمیر کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔