نائب صدرنشین قومی اقلیتی کمیشن عاطف رشید کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : نائب صدرنشین قومی اقلیتی کمیشن عاطف رشید نے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے ڈائرکٹر سکریٹری کے خلاف کارروائی کرنے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے۔ عاطف رشید نے اپنے تین روزہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر اقلیتوں کے مسائل کے سلسلہ میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیتوں سے ملاقات کی تھی۔ روانگی سے قبل انھوں نے کہاکہ قومی اقلیتی کمیشن نے ڈائرکٹر ؍ سکریٹری اردو اکیڈیمی کی جانب سے خاتون اسسٹنٹ پروفیسر کے ساتھ بدسلوکی کے معاملہ کا سختی سے نوٹ لیا ہے۔ کمیشن اِس معاملہ کی جانچ کرے گا اور چیف سکریٹری کو ضروری ہدایات دی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اسسٹنٹ پروفیسر کو انصاف اور خاطی کو سزا ملنی چاہئے۔ اُنھوں نے حیرت کا اظہار کیاکہ شکایت کے باوجود حکومت نے ڈائرکٹر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ عاطف رشید نے بتایا کہ وہ اِس واقعہ کے بارے میں تمام تفصیلات حاصل کرچکے ہیں اور نئی دہلی سے چیف سکریٹری کو مکتوب روانہ کیا جائے گا۔