ٹمریز میں آؤٹ سورسنگ ملازمت اور بہتر علاج کا تیقن
حیدرآباد۔ 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے مدینہ منورہ بس سانحہ میں بچ جانے والے نوجوان محمد عبدالشعیب سے جھرہ میں واقع قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ انہوں نے شعیب کی صحت اور علاج کے بارے میں دریافت کیا۔ اس سانحہ میں شعیب کے والدین اور نانا جاں بحق ہوئے۔ شعیب نے بی شفیع اللہ کو سانحہ کی تفصیلات اور مدینہ منورہ ہاسپٹل میں علاج سے واقف کرایا اور موثر انتظامات پر اظہار تشکر کیا۔ شعیب کے ارکان خاندان نے حکومت کی جانب سے شعیب کو ملازمت فراہم کرنے کی درخواست کی جس پر بی شفیع اللہ نے تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی میں آؤٹ سورسنگ ملازمت فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ شعیب کے مکمل علاج کے لئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ علاج کے سلسلہ میں رضاکارانہ تنظیم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ بی شفیع اللہ نے شعیب کی عاجلانہ صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے عزم اور حوصلے کے ساتھ زندگی بسر کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر تلنگانہ حج کمیٹی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عرفان شریف موجود تھے۔ اسی دوران تلنگانہ حکومت کی جانب سے پسماندگان کے لئے اعلان کردہ ایکس گریشیا کی ادائیگی کے سلسلہ میں سرکاری امور کی تکمیل کا کام جاری ہے۔ ریونیو عہدیداروں کی جانب سے جاں بحق افراد کے قانونی وارثین کی شناخت کی جارہی ہے۔ اس مرحلہ کی تکمیل کے بعد فی کس 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا ادا کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے ہندوستانی سفارتخانہ نے جاں بحق افراد کے پسماندگان کو سعودی عرب میں انشورنس کی رقم دلانے کی مساعی شروع کردی ہے۔ 1