حیدرآباد: 18 جولائی (سیاست نیوز) سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے تلنگانہ حج کمیٹی میں ایگزیکٹیو آفیسر کے چیمبر کی تیاری و حج کیمپ میں کیمروں کی تنصیب پر بھاری خرچ پر رپورٹ طلب کی ہے۔ روزنامہ سیاست میں شائع خبر پر سکریٹری اقلیتی بہبود نے سخت نوٹ لے کر ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کرکے چیمبر کی تیاری اور حج کیمپ میں کیمروں کی تنصیب کے خرچ سے متعلق تفصیلات روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹری اقلیتی بہبود نے حکومت سے اقلیتی اداروں کو جاری کردہ فنڈس کے خرچ پر توجہ مرکوز کی ہے اور اقلیتی اداروں کے ذمہ داروں پابند کیا ہے کہ اسکیمات کیلئے درکار بجٹ سے آگاہ کریں تاکہ محکمہ فینانس میں فنڈس کی اجرائی کیلئے نمائندگی کی جاسکے۔ واضح رہے کہ ایگزیکٹیو آفیسر کے چیمبر کی تیاری پر 19 لاکھ 80 ہزار روپئے خرچ کئے گئے جبکہ حج کیمپ میں کیمروں کی تنصیب پر 4 لاکھ روپئے کے اخراجات آئے ہیں۔ر