حیدرآباد۔13جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب اسحق امتیاز نے سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود وڈائریکٹر و کمشنر محکمہ اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے دوبارہ تقرر پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ان کی خدمات کو دوبارہ حاصل کرنے کا فیصلہ محکمہ اقلیتی بہبود کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے کیا گیا ہے ۔ جناب اسحق امتیاز نے سیکریٹری سے ملاقات کے دوران اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے زیر التواء اسکیمات اور بجٹ کی اجرائی میں پائی جانے والی رکاوٹوں سے واقف کرواتے ہوئے سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سے خواہش کی کہ وہ اس سلسلہ میں توجہ دیتے ہوئے کارپوریشن کی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں فوری بجٹ درکار ہے کیونکہ بینک سے مربوط قرض کی اسکیم میں امیدواروں کا انتخاب کرلیا گیا ہے اور ان کے قرض کی سبسیڈی جاری کی جانی ہے ۔ جناب سید عمر جلیل نے صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو تیقن دیا کہ وہ بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں محکمہ فینانس کے عہدیداروں سے رابطہ کرتے ہوئے جلد ازجلد بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔م