سکندرآباد اسٹیشن سے شیر خوار لڑکی کا اغواء

   

پولیس کی سرگرم کارروائی کے بعد نامعلوم شخص لڑکی کو چھوڑ کر فرار
حیدرآباد 14 اکٹوبر (سیاست نیوز) سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے ڈھائی سالہ شیرخوار بچی کا نامعلوم شخص نے اغواء کرلیا تھا لیکن پولیس کارروائی میں شدت کو دیکھ کر وہ لڑکی کو چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ پولیس کے بموجب ڈھائی سالہ سورنا لتا اپنے ماں باپ ڈی سریش جو پیشہ سے مزدور ہے کے ہمراہ آندھراپردیش نیلور جانے اتوار کی شام اسٹیشن پہونچی تھی ۔ لڑکی کے ساتھ اُس کا بھائی 5 سالہ پربھاس بھی تھا اور یہ تینوں فٹ اوور بریج کے قریب سوگئے ۔ رات دیر گئے سریش بیدار ہوا اپنی لڑکی کو نہ پاکر تشویش کا شکار ہوگیا اور وہ ریلوے پولیس سے رجوع ہوا ۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا اور یہ پایا گیا کہ نامعلوم شخص سورنا لتا کو کندھے پر اسٹیشن سے باہر لے گیا۔ پولیس نے اِس مشتبہ شخص کی تصاویر فوری فلاش کردیئے اور سرگرمی سے اُس کی تلاش شروع کردی۔ پولیس کی کئی ٹیمیں فوری حرکت میں آگئیں اور اغوا کنندے کی تلاش شروع کردی گئی۔خوف زدہ ہوکر اغوا کنندہ لڑکی کو مونڈہ مارکٹ پولیس اسٹیشن کے قریب بنڈی میٹ میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور اغوا کنندہ کی تلاش شروع کردی۔