جنرل زمرہ کے مسافرین کو راحت ملے گی ، جرائم کی روک تھام میں بھی مشین معاون ثابت ہوگی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں بالکل پہلی مرتبہ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر بائیو میٹرک ٹوکن سرویس کا آغاز کیا ہے ۔ ہجوم کے وقت بورڈنگ کے دوران ہونے والی مشکلات کو کم کرنے اور مسافرین کی سلامتی کو یقینی بنانے ساوتھ سنٹرل ریلوے نے اس سہولت کا آغاز کیا ہے ۔ پرنسپل چیف سیکوریٹی کمشنر ساوتھ سنٹرل ریلوے ایشور راؤ اور ڈیویژنل ریلوے منیجر سکندرآباد ڈیویژن اے کے گپتا نے دیگر عہدیداروں کے ساتھ اس سہولت کا افتتاح کیا ۔ بائیو میٹرک ٹوکن مشین غیر محفوظ (ان ریزروڈ ) کوچس میں طویل قطار اور ہجوم سے بچنے مسافرین کے لیے یہ سہولت فراہم کی ہے جو مشین لگائی گئی ہے بائیو میٹرک ٹوکن مشین وہ پہلے ہر مسافر کی تفصیل حاصل کرتی ہے ۔ مسافر کا نام ، ٹرین نمبر ، پی این آر نمبر اور منزل سفر معلوم کی جاتی ہے ۔ اس کے بعد بائیو میٹرکس جیسے فنگر پرنٹ اور تصویر حاصل کی جاتی ہے ۔ یہ تمام تفصیل حاصل کرلینے کے بعد یہ مشین از خود سلسلہ نمبر کے ساتھ ایک ٹوکن جاری کرتا ہے ۔ مسافر کو اس کے مطابق ہی کوچ میں سوار ہونا چاہئے ۔ اس کے علاوہ جو ڈاٹا حاصل کیا جائے گا ۔ اس سے ٹرینوں میں جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی اور مجرمین پر لگام لگ سکتا ہے ۔ عہدیداروںکا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک ٹوکن مشین جنرل کلاس میں سفر کرنے والے مسافرین کے لیے بڑی راحت ہوگی اور انہیں طویل قطاروں میں انتظار کرنا نہیں پڑے گا ۔ جیسے ہی مسافر کو یہ ٹوکن مل جائے گا وہ ٹرین کی روانگی کے وقت سے 15 منٹ قبل بھی اسٹیشن پہونچ کر ٹرین میں سوار ہوسکتا ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب بائیو میٹرک ٹوکن مشین نصب کرنے سے جہاں مسافرین کو مشکلات سے راحت ملے گی وہیں طویل قطاروں کی نگرانی کی ضرورت بھی نہیں رہے گی اور ریلوے پروٹیکشن فورس کے عملہ کی بھی ضرورت میں کمی آئے گی ۔ جنرل منیجر ساوتھ سنٹرل ریلوے گجانن ملیا نے اس پہل کی ستائش کی اور انہوں نے ساوتھ سنٹرل ریلوے سیکوریٹی ڈپارٹمنٹ کی کوششوں کو بھی سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار سے ان ریزروڈ ٹکٹس کے مسافرین کی مشکلات میں کمی آئے گی اور انہیں راحت ملے گی ۔۔