سکندرآباد اسٹیشن کی تزئین نو تیزی سے جاری

   

عصری فن تعمیر اور عالمی معیار کی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ
حیدرآباد 19 جنوری ( سیاست نیوز ) سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی تزئین نو اور اس کے اپ گریڈیشن کے کام تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ ریلوے عہدیداروں نے بتایا کہ تزئین نو اور اسے بہتر بنانے کے کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے موجودہ اسٹیشن عمارت کی دونوں جانب کام شروع کردیا گیا ہے ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں نے بتایا کہ جنوبی جانب سنگ بنیاد سے متعلق تعمیراتی کام 80 فیصد تک مکمل ہوگئے ہیں۔ 700 کروڑ روپئے کے اخراجات سے اس اسٹیشن کی تزئین نو اور ری ڈیولپمنٹ کے کام کئے جا رہے ہیں اور ان کاموں کو 36 مہینوں میں مکمل کیا جانا ہے ۔ موجودہ عمارت کو جنوب کی جانب ایک نئی اور عصری عمارت میں تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ اس سلسلہ میں سنگ بنیاد کے جملہ 45 فیصد کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اسٹیشن کی برقی ضروریات کی تکمیل کیلئے موجودہ 11 کیلوواٹ کے برقی سب اسٹیشن کی جگہ 33 کیلو واٹ کے دو سب اسٹیشن بھی تیار کئے جا رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ری ڈیولپمنٹ کے کاموں کی تکمیل کے بعد اس اسٹیشن میں چھ منزلہ پارکنگ کی گنجائش بھی فراہم کی جائے گی ۔ کہا گیا ہے کہ بحیثیت مجموعی اب تک سنگ بنیاد سے متعلقہ جملہ کاموں میں 50 فیصد کی تکمیل ہوچکی ہے ۔ اس کے علاوہ قاضی پیٹ کی جانب ایک نئے فٹ اوور برج کی تعمیر کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل مینیجر ارون کمار جین کا کہنا ہے کہ نئے اسٹیشن کی عمارت عصری فن تعمیر اور عالمی معیار کی سہولتوں پر مشتمل ہوگی ۔