سکندرآباد تا ناگول راہداری کا سائنس راہداری کے طور پر فروغ

   

تخلیقات و ایجادات مرکز توجہ رہیں گے ، این وی ایس ریڈی ایم ڈی حیدرآباد میٹرو ریل کا بیان
حیدرآباد۔یکم۔نومبر(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل نے سکندرآباد تا ناگول راہداری کو سائنس راہداری کے طور پر فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس راہداری پر سائنسی امور کی تشہیر کے ذریعہ نوجوانوں کی سائنسی فکر کی ارتقاء میں اپنا کردار ادا کیا جاسکے ۔حیدرآباد میٹرو ریل نے اس سلسلہ میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل ٹیکنالوجی کے ہمراہ اس سلسلہ میں ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کرتے ہوئے اس راہداری پر سائنسی علوم کے فروغ اور جواں سال افراد میں سائنسی ایجادات کی فکر پیدا کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔مسٹر این وی ایس ریڈی منیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل نے بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ اس طرح کی مخصوص راہداری کے فروغ کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو سائنسی تجربات اور سائنسی ایجادات کا مشاہدہ کرواتے ہوئے انہیں سائنسی اصول سے دوران سفر واقف کروایاجاتا رہے تاکہ وہ سائنس میں دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی فکری صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں۔سکندرآباد تا ناگول موجود اس 8کیلو میٹر طویل راہداری کو سائنس راہداری کے طور پر فروغ دینے کے فیصلہ کے سلسلہ میں مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ میٹرو ریل کے مسافرین میں کئی ایسے تخلیقی ذہن موجود ہیں جو کہ دوران سفر بھی اپنی تحقیق کا جائزہ لیتے ہیں اسی لئے میٹرو انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پرسائنسی دنیا کی تخلیقات وایجادات اور انسانی زندگی کو آسان اور بہتر کے علاوہ معیاری بنانے والے اقدامات کو ان کے آگے پیش کیا جائے تاکہ وہ بھی اس سے تحریک حاصل کرتے ہوئے اپنی تخلیقات اور ایجادات پر توجہ مرکوز کریں۔ڈاکٹر ایس چندر شیکھر ڈائریکٹر سی ایس آئی آر نے حیدرآباد میٹرو ریل کا اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سائنسی علوم کے فروغ اور ارتقاء کیلئے ایچ ایم آر نے جو اقدام کیا ہے وہ قابل ستائش ہے انہوں نے کہا کہ سی ایس آئی آر کی جانب سے سکندرآباد سے ناگول راہداری پر موجود تمام میٹرو اسٹیشن اور پلر س کا سائنسی فروغ کیلئے استعمال کیا جائے گا اور اس کے ذریعہ نوجوانو ںمیں سائنس کے متعلق دلچسپی پیدا کرنے کے علاوہ انہیں اب تک کے سائنسی کارناموں سے واقف کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور نوجوان نسل سائنسی دنیا کی جانب راغب ہوگی۔