سکندرآباد تا وشاکھاپٹنم وندے بھارت نئی ٹرین کا آج آغاز

   

وزیراعظم نریندر مودی ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت مختلف پراجکٹس کا افتتاح کریں گے
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی کل 12 مارچ کو ملک بھر میں انڈین ریلویز کے 85 ہزار کروڑ کے مختلف پراجکٹس کا سنگ بنیاد اور ریل ڈیولپمنٹ پراجکٹس کو قوم کے نام معنون کریں گے۔ وزیراعظم احمد آباد گجرات سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ملک میں 4 نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے ۔ جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین نے آج میڈیا کے نمائندوں کو ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت پراجکٹس کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ 6 اہم پراجکٹس کا وزیراعظم سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ون اسٹیشن ون پراڈکٹ کی اسکیم کے تحت مقامی اشیاء کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سماج کے کمزور طبقات کو فائدہ پہنچانے کیلئے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت 193 ون اسٹیشن ون پراڈکٹ کا وزیراعظم افتتاح کریں گے۔ تلنگانہ میں 15 اور آندھراپردیش میں 111 یونٹس قائم کئے جائیں گے۔ مہاراشٹرا میں 23 یونٹ قائم کئے جارہے ہیں۔ 9 گتی شکتی ملٹی ماڈل کارگو ٹرمنلس کا وزیراعظم آغاز کریں گے۔ یہ ٹرمنل ٹرین سرویسز کی خدمات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت 11 گڈ شیڈس کو قوم کے نام معنون کریں گے جن میں تلنگانہ کے تحت ڈچپلی ، گجویل مونوگور اور راگھوا پورم شامل ہیں۔ آندھراپردیش میں 6 اور مہاراشٹرا میں ایک گڈ شیڈ تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعظم قاضی پیٹ تا بلہار شاہ ، قاضی پیٹ تا وجئے واڑہ اور وجئے واڑہ تا گوڈور ، تھرڈ لائین سیکشن اور گنٹور تا گنتکل ڈبل لائین سیکشن کا آغاز کریں گے ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت سکندرآباد اور تروپتی میں جن اوشدھی مراکز کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ حیدرآباد میں کاچیگوڑہ اور نکلس روڈ پر ریل کوچ ریسٹورینٹ کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ وزیراعظم سکندرآباد تا وشاکھاپٹنم وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ تلنگانہ میں یہ چوتھی وندے بھارت ٹرین ہوگی۔ سکندرآباد تا وشاکھاپٹنم وندے بھارت ٹرین اے سی ٹرین رہے گی جس میں تمام عصری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ سکندرآباد اور وشاکھاپٹنم کے درمیان 700 کیلو میٹر کا فاصلہ ٹرین 8 گھنٹے 45 منٹ میں فی گھنٹہ 80 کیلو میٹر کی رفتار سے طئے کرے گی۔ ٹرین کی باقاعدہ سرویس کا 13 مارچ کو آغاز ہوگا اور پہلی ٹرین وشاکھاپٹنم سے سکندرآباد پہنچے گی جبکہ 15 مارچ کو یہ ٹرین سکندرآباد سے وشاکھاپٹنم روانہ ہوگی۔ ٹرین کیلئے بکنگ 12 مارچ سے شروع ہوگی۔ کلبرگی تا بنگلور وندے بھارت ایکسپریس اور تروپتی تا کولم میل ایکسپرس کا وزیراعظم افتتاح کریں گے۔ 1