تاحال دوبارہ ترقی دینے کے تقریبا 46 فیصد کام مکمل
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو جو کہ ساوتھ سنٹرل ریلوے میں ایک مصروف ترین اور تاریخی اسٹیشن ہے ، دوبارہ ترقی دینے کے کام تیزی کے ساتھ انجام دئیے جارہے ہیں ۔ یہ کام امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت شروع کئے گئے ہیں جس کا مقصد اس اسٹیشن کو ایک عالمی درجہ کے ٹرانزٹ ہب میں تبدیل کرنا ہے اور مسافرین کے لیے عصری سہولتیں فراہم کرنا اور کنیکٹیویٹی میں بہتری لانا ہے ۔ اس پراجکٹ کو 714.73 کروڑ روپئے کی تخمینہ لاگت سے شروع کیا گیا ہے اور اب تک اس کے 46 فیصد کام مکمل ہوگئے ہیں اور اسے گردھاری لال کنسٹرکشن پرائیوٹ لمٹیڈ کی جانب سے انجام دیا جارہا ہے اور اسے 2025 کے آواخر یا 2026 کے اوائل تک مکمل کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں کے مطابق ریلوے پروٹیکشن فورس ( آر پی ایف ) بلڈنگ پوری طرح مکمل ہوگئی ہے جو اس اسٹیشن کو دوبارہ ترقی دینے کے کام میں ایک
بڑا سنگ میل ہے ۔ ایر کنکورس ، ملٹی لیول کار پارکنگ فیسلیٹی ، فٹ اوور بریجس ، یلیویٹرس ، شمالی جانب مین بلڈنگ اور جنوبی جانب الیکٹریکل سب اسٹیشن اور دیگر کے تعمیری کام تیزی سے جاری ہیں ۔ جنوب کی طرف 90 فیصد بیسمنٹ تعمیر مکمل ہوگئی ہے ۔ اس سیکشن کا گراونڈ فلور ایک پاسنجر ڈراپ آف زون کے طور پر ہوگا ۔ جب کہ بیسمنٹ لیولس کو تقریبا 200 گاڑیوں کے لیے پارکنگ سہولت فراہم کرنے کے لیے بنایا جارہا ہے ۔ شمال کی طرف ایک چھ اسٹوری ملٹی لیول کار پارکنگ سہولت کی تعمیر جاری ہے جس کے زائد از نصف فاونڈیشن کام مکمل ہوگئے ہیں اور دوسرے کام بھی جاری ہیں ۔۔ A