سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو عالمی معیار کے طرز پر ترقی دینے کا فیصلہ

   

مسافرین کو ایرپورٹ جیسی سہولتیں، ڈیزائن تیار، عنقریب ٹنڈرس کی طلبی
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو عالمی معیار کے ریلوے اسٹیشنس کے طرز پر ترقی دینے کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جارہے ہیں۔ انڈین ریلوے اسٹیشن ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے مرحلہ وار اساس پر ملک کے 90 ریلوے اسٹیشن کو ترقی دینے کا منصوبہ بنایا ہے اور بنگلورو، چھتیس گڑھ ریلوے اسٹیشن کو ترقی دینے کیلئے ٹنڈرس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو ترقی دینے کیلئے ٹنڈرس طلب کرنے کے عمل کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ کوویڈ بحران سے قبل ہی سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو آئی آر ایس ڈی سی کے حوالے کردیا گیا ہے۔ فی الحال سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں پارکنگ، اسٹالس، بیت الخلاؤں کی صاف صفائی اور دوسرے کاموں کی آئی آر ایس ڈی سی نگرانی کررہی ہے۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی ترقی کے معاملے میں تیزی پیدا کردی گئی ہے۔ ترقیات پر مشتمل ڈیزائن تیار ہوگیا ہے اور اس کو کارپوریٹ آفس کو روانہ بھی کردیا گیا ہے۔ ٹنڈرس طلب کرنے کے بعد اسٹیشن کی موجودہ عمارت میں تعمیرات کو جاری رکھتے ہوئے نئی تعمیرات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایرپورٹ کے طرز پر ریلوے اسٹیشن پر مسافرین کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ مسافرین کیلئے میگزین، کتابیں، سائبرکیفے، اسٹار ہوٹلس اور دوسری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ پارکنگ مسائل کا مستقل حل کیا جارہا ہے۔ N