ہندو تنظیموں کے احتجاج سے علاقہ میں کشیدگی، پولیس لاٹھی چارج، فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی کوشش
حیدرآباد ۔ 19 اکٹوبر (سیاست نیوز) سکندرآباد کے علاقے میں مسجد کی جانب بڑھنے والے ایک بڑے گروپ کو پولیس نے ناکام بنادیا اور لاٹھی چارج کیا۔ ہندو تنظیموں کی اس حرکت سے علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ دراصل ہندو تنظیموں کی جانب سے سکندرآباد کے علاقہ میں احتجاج منظم کیا گیا تھا اور احتجاج کی اپیل کی گئی تھی۔ اس علاقہ میں موجودہ مارکٹ عملاً بند کردیئے گئے تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں کی تعداد میں ہندو تنظیموں کے کارکن متاثرہ مندر کے قریب پہنچ گئے۔ اس دوران مسجد اور ہوٹل میٹرو پولیس کی جانب بڑھنے والے ہجوم کو روکنے کی پولیس نے کوشش کی اور مشتعل ہجوم نے پولیس پر لاٹھیوں، چپلوں اور پانی کی بوتلوں سے حملہ کرتے ہوئے پتھراؤ بھی کیا۔ ہجوم کے حملہ میں 15 پولیس ملازمین زخمی ہوگئے جن میں ایک اے سی پی اور انسپکٹر شدید زخمی ہوئے۔ ہجوم کو قابو میں کرنے اور مسجد کی جانب بڑھنے سے روکنے کیلئے پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے لاٹھی چارج کیا جس کے بعد مشتعل ہجوم نے آر ٹی سی بسوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچایا۔ اس مندر میں ممبئی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے توڑپھوڑ مچائی تھی اور غیرانسانی حرکت کے سبب علاقہ میں بے چینی کا سبب بن گیا۔ اس خاطی شخص کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مختلف ہندو تنظیموں کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا۔ اس دوران درجنوں ہندو نوجوانوں کی جانب سے مندر کے قریب موجود مسجد کی جانب بڑھنے کی کوشش کی گئی۔ اس دوران پولیس نے انہیں روکنے کی ہر ممکنہ کوشش کی۔ بعدازاں طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ان افراد کو لاٹھی چارج کے ذریعہ منتشر کردیا۔ باوجود اس کے ہندو تنظیموں سے وابستہ افراد علاقہ میں موجود تھے۔ پولیس کے اس لاٹھی چارج میں چند افراد کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاع پائی جاتی ہے۔ نارتھ زون پولیس نے کل احتجاج کے اعلان کے بعد ہی اپنی کارروائی شروع کردی تھی اور علاقہ میں زائد فورس کو طلب کرتے ہوئے انہیں تعینات کردیا گیا تھا۔ جس مندر میں مورتی کو نقصان پہنچایا گیا اس مندر کے قریب مسجد بھی واقع ہے اور مسجد کی جانب بڑھتے ہوئے فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی کوشش کی گئی اور انہیں اگر روکا نہیں جاتا تو حالات بگڑجاتے۔ پولیس نے احتیاطی طور پر اقدام کرتے ہوئے لاٹھی کا استعمال کیا اور احتجاجیوں کو منشتر کردیا۔ بتایا جاتا ہیکہ پولیس نے واقعہ کے بعد ہی سے سکندرآباد کے علاقہ میں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی چوکسی اختیار کرلی گئی ہے اور کمشنر پولیس حیدرآباد حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور حالات کو پرامن بنائے رکھنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ع