حیدرآباد۔ سکندرآباد کے علاقہ سیکنڈ بازار میں آج کیمیکل کیان کے دھماکہ کے نتیجہ میں علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ اس واقعہ میں ایک معمر شخص زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح 6 بجے سیکنڈ بازار علاقہ متیالماں مندر کے قریب ایک دھماکہ کی آواز سنائی دی جس کے بعد عوام میں سنسنی پھیل گئی۔ وہاں کے ایک مقامی شخص این کشٹیا کرن سے علاقہ میں دریافت کرنے پر یہ معلوم ہوا کہ 65 سالہ شخص راجو متوطن ضلع نظام آباد جو جی ایچ ایم سی کے کچرے کا رکشا چلاتا ہے اس کا بایاں ہاتھ کلائی تک شدید زخمی ہوگیا اور اس کی انگلیاں اُڑ گئیں۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور زخمی شخص کو قریب کے دواخانہ منتقل کیاگیا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر مونڈا مارکٹ پولیس سے وابستہ ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی اور سراغ رسانی دستہ، کلوز ٹیم اور بم اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں یہ پتہ لگایا ہے کہ بعض افراد کی جانب سے کچرے میں دھماکو اشیاء کے کیان لاپرواہی سے پھینک دیئے گئے تھے۔ پولیس کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سیکنڈ بازار علاقہ میں کے ڈی شیٹی نامی ایک شخص ہے جو مصنوعی ہاتھ پیر تیار کرتا ہے اور ان کی تیاری کیلئے L-12 RESIN کے کیان لاپرواہی سے کچرے کے ڈبے میں پھینک دیئے گئے تھے۔ مونڈا مارکٹ پولیس نے اس سلسلہ میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔