سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ کی ترقی کیلئے دس کروڑ جاری کرنے کا تیقن

   

Ferty9 Clinic

کاموں کو فوری شروع کرنے کی ہدایت ، وزیر ٹی ہریش راؤ کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔ریاستی حکومت سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی اور بنیادو ضروریات کی فراہمی کیلئے 10کروڑ روپئے جاری کرے گی۔ شہر حیدرآباد میں موجود اس علاقہ کی ترقی کیلئے موصول ہونے والی نمائندگیوں اور کنٹونمنٹ بورڈ کی مالی حالت کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران ریاستی وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے یہ بات کہی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقہ کو شہر کے دیگر علاقوں کے طرز پر ترقی دینے کے علاوہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ریاستی حکومت سنجیدہ ہے اور حکومت کی جانب سے فوری 10 کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ کنٹونمنٹ بورڈ کے حدود میں ان کاموں کو فوری اثر کے ساتھ شروع کیا جاسکے جو کہ انتہائی ضروری ہے اور ان کی عاجلانہ تکمیل کے ذریعہ عوام کو سہولت فراہم ہوسکے ۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کنٹونمنٹ بورڈ کے جائزہ اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ضروری کاموں کے آغاز کے لئے بجٹ کا انتظار نہ کریں بلکہ ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے بجٹ کے ذریعہ فوری کاموں کو مکمل کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ حکومت کی جانب سے سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ علاقہ میں ترقیاتی کاموں اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کے سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ علاقہ کے عوام کی جانب سے علاقہ کو نظر انداز کئے جانے کی شکایات کی جارہی تھی اور ریاستی حکومت پر اس علاقہ کی ترقی کو نظر انداز کرنے کے الزامات عائد کئے جانے لگے تھے اسی لئے حکومت نے کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقہ میں 10 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کو فوری شروع کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔