سکندرآباد کنٹونمنٹ میں پراپرٹی ٹیکس میں 30 فیصد کا اضافہ

   

حیدرآباد۔ 12 اکتوبر (سیاست نیوز) سکندرآباد کنٹونمنٹ میں پراپرٹی ٹیکس شرح میں 30 فیصد اضافہ پر مقامی افراد نے ناراضگی کا اظہار کرکے حالیہ اضافہ کو ملتوی کرنے کی درخواست کی ۔ کنٹونمنٹ حدود میں واقع عمارتوں کے مالکین کی جانب سے بورڈ کے عہدیداروں کو تحریری نمائندگی کی گئی ۔ جائیداد مالکین نے حکام سے اپیل کی کہ اضافہ پر فوری عمل آوری نہ کی جائے۔ کنٹونمنٹ بورڈ سے 3 سال میں ایک مرتبہ پراپرٹی ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ 2018 اور 2021 کے درمیان کمرشیل پراپرٹی کے ٹیکس میں 20 فیصد جبکہ رہائشی عمارتوں کے ٹیکس میں 10 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ 2022 میں کنٹونمنٹ بورڈ نے کمرشیل اور رہائشی دونوں زمرہ جات کے لئے ٹیکس میں 30 فیصد اضافہ کی تجویز پیش کی تاہم احکامات پر عمل آوری نہیں کی گئی۔ گزشتہ ماہ کنٹونمنٹ حکام نے اس نوٹس کے بغیر ہی اضافہ پر عمل آوری کا آغاز کیا۔ راجیو راہداری اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے جائیداد مالکین کو حکام کی جانب سے نوٹس وصول ہوئی ہے۔ راجیو راہداری پراپرٹی اونرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پراپرٹی ٹیکس میں اچانک اضافہ کی مخالفت کی ۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے عہدیداروں کی جانب سے تاحال کوئی تیقن نہیں دیا گیا۔ 1