راج ناتھ سنگھ سے تارک راما راو کی خواہش
حیدرآباد ، 18 ستمبر (یو این آئی) سکندرآباد کنٹونمنٹ کی سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت کی اجازت دینے کے لئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے خواہش کی ہے ۔انہوں نے اس خصوص میں فوج کے رویہ کو نامناسب قرار دیا۔مسٹر راو نے مائیکر بلاگنگ سائٹ ٹوئیٹر کے ذریعہ راج ناتھ سنگھ کو کئے گئے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ یہ ایک عجیب بات ہے کہ تلنگانہ حکومت اور مقامی شہریوں کی جانب سے بار باردرخواست کے باوجود فوجی عہدیداروں کا رویہ عجیب رویہ ہے ۔انہوں نے راج ناتھ سنگھ سے اس مسئلہ پرمداخلت کرنے اور مقامی کنٹونمنٹ کے عہدیداروں کو ہدایت جاری کرنے کی خواہش کی کہ وہ عوام کو ہورہی دشواریوں کو روکیں۔مسٹر راو نے گرین سینک پوری کی جانب سے کئے گئے ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی جس نے شکایت کی ہے کہ سی اواے ایس اور وزارت دفاع کے واضح احکامات کے باوجود فوجی عہدیدار عوامی سڑکوں کو بند کر رہے ہیں۔اس نے کہا کہ فوجی جوانوں کا کہنا ہے کہ ان کو اے ایچ ڈی اے ڈی جی پی آئی سے یہ احکام ملے ہیں۔ کہ ان سڑکوں کو شہریوں کے لئے بند کردیاجائے ۔اس ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے مسٹر راو نے وزیر دفاع کو اس تعلق سے ٹوئیٹ کیا۔