حیدرآباد۔/17 ستمبر، ( سیاست نیوز) سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع مشہور الفا ہوٹل کو جی ایچ ایم سی کے عملہ نے مہربند کردیا ہے ۔ دو دن قبل ناقص غذا کی سربراہ پر ایک گاہک نے شکایت کی تھی ۔ سوشیل میڈیا پر اس سلسلہ میں گاہک کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو بھی وائرل ہوگیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اسے ہوٹل کے عملہ کی جانب سے باسی کھانا فراہم کیا گیا تھا ۔ گاہک کا دعوی تھا کہ اس کے کھانے میں بدبو آ رہی تھی جس سے پتہ چلتا تھا کہ یہ باسی کھانا تھا ۔ اس گاہک نے اس واقعہ کی پولیس سے شکایت بھی درج کروائی تھی ۔ اسٹیٹ کنزیومر فورم کے ذمہ داروں نے بتایا کہ متعلقہ حکام کو جب اس واقعہ کا پتہ چلا تو جی ایچ ایم سی فوڈ انسپکٹر نے غذا کے نمونے جانچ کیلئے بھیجے اور ہوٹل کو مہربند کردیا ۔